حکومت نے نادرا سے نوشکی واقعہ میں جاں بحق ولی محمد کی تفصیلات طلب کرلیں

کراچی اور کوئٹہ کے ڈی جی نادرا سے ولی محمد اور اس کے خاندان سے متعلق تمام تفصیلات طلب کر لی گئیں

کراچی اور کوئٹہ کے ڈی جی نادرا سے ولی محمد اور اس کے خاندان سے متعلق تمام تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے نیشنل ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے نوشکی واقعہ میں جاں بحق ہونے والے ولی محمد اور اس کے گھر والوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے نادرا سے ولی محمد کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جس کے بعد ڈی جی نادرا کراچی اور ڈی جی نادرا کوئٹہ سے ولی محمد کے شناختی کارڈ کے اجرا اور اس کے گھر والوں سے متعلق مانگی گئی ہیں، نادرا حکام کو احکام جاری کئے گئے ہیں کہ ولی محمد کو کمپیٹرائز کارڈ کا اجرا کب ہوا، اس کے کتنے بہن بھائی اور خاندان میں کتنے افراد شامل ہیں۔


دوسری جانب ولی محمد کا ووٹ میونسپل کارپوریشن چمن میں درج ہونے کی اطلاعات ملی ہیں جب کہ گاڑی سے جو پاسپورٹ برآمد ہوا تھا اس پر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے ایک فلیٹ کا پتہ درج ہے تاہم اس فلیٹ پر بھی کسی ولی محمد نامی شخص کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ فلیٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ اس نے مکان 4 برس قبل ولی محمد نامی شخص سے ہی خریدا تھا لیکن اس شخص کی شکل و صورت دکھائئ جانے والے خاکے سے بالکل مختلف تھی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل پاک افغان سرحد کے قریب نوشکی کے علاقے کوچکی میں ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں سے ایک کی شناخت محمد اعظم اور دوسرے کی ولی محمد کے نام سے ہوئی تھی، ولی محمد کو مبینہ طور پر طالبان سپریم کمانڈر ملا اختر منصور سے جوڑے جانے کی اطلاعات کے بعد پاکستانی حکام نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

Load Next Story