نوازشریف کا ماڈل ہے مہنگے مہنگے منصوبے بناؤ اور بڑا کمیشن کھاؤ عمران خان

چوروں کا احتساب چور نہیں کرسکتا بلکہ چور چوروں کو صرف بلیک میل اور اس کے ساتھ مک مکا کرتا ہے،چیرمین تحریک انصاف

ملک سڑکیں بنانے سے نہیں سرمایہ کاری کرنے سے ترقی کرتا ہے، چیرمین تحریک انصاف - فوٹو: آئی این پی

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ بے شمار قدرتی وسائل کے حامل ملک پاکستان کے اداروں کو کرپٹ حکمرانوں نے تباہ کردیا ہے جب کہ نوازشریف کا ماڈل ہے بڑے بڑے منصوبے بناؤ اور بڑا کمیشن کھاؤ۔

آزاد کشمیرکے شہرباغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کو اللہ نے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے ، ہم قدرتی وسائل میں مغرب سے بہت آگے ہیں اورپاکستان کے وسائل کے سامنے برطانیہ بھی کچھ نہیں لیکن برطانیہ میں غریب اورعام آدمی کو مفت انصاف فراہم کیا جاتا ہےجب کہ برطانوی حکومت سب سے زیادہ پیسہ انسانی فلاح وبہبود پر خرچ کرنے کے ساتھ شہریوں کے روزگار کی بھی ذمہ داری لیتی ہے وہاں پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے اداروں کو تباہ کرنے والے حکمران ان کو ٹھیک نہیں کرسکتے، پاکستان میں کرپٹ حکمرانوں نے ہی قومی اداروں کو تباہ کیا،اگر ہم اپنے ادارے ٹھیک کرلیں اور نوجوانوں پر پیسہ خرچ کردیں تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔










چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چوروں کا احتساب چور نہیں کرسکتا بلکہ چور چوروں کو صرف بلیک میل اور اس کے ساتھ سمجھوتا اور مک مکا کرسکتا ہے، ڈاکوؤں کا احتساب عمران خان کرکے دکھائے گا،نیب کا ایسا ادارہ بنائیں گے کہ نوازشریف ،عمران خان اورآصف ذرداری کو بھی نہ بخشے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرہماری حکومت آئی تو وعدہ ہے کہ سب سے پہلے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا،ملک سڑکیں بنانے سے نہیں سرمایہ کاری کرنے سے ترقی کرتا ہے، نواز شریف کا مقصد بڑے اور مہنگے منصوبے بنا کر بڑے پیمانے پر کمیشن کھانا ہے، ملک کی بدترین حالت دیکھ کر دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کا دل بھی دکھتا ہے۔











Load Next Story