شوبزمیں گلوکارہ بننے آئی مگراداکارہ بن گئی وینا ملک

گلوکارہوں لیکن فلم میں ایکٹنگ کیلئے بیگم رہنمائی کررہی ہے: اسد خٹک

گلوکارہوں لیکن فلم میں ایکٹنگ کیلئے بیگم رہنمائی کررہی ہے: اسد خٹک ۔ فوٹو :شہبازملک

فنون لطیفہ سے وابستہ فنکارجہاںاپنی بے پناہ صلاحیتوں کی وجہ سے لوگوں کے دلوں پرراج کرتے ہیں ، وہیں ان میں سے کچھ لوگ اپنے کام اورنازیبا حرکتوں کی وجہ سے ہمیشہ ہی تنقید کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔

ان کا مقصد چاہے کچھ غلط کرنے کا نہ بھی ہو لیکن نتیجہ ان کے خلاف ہی جاتا ہے۔ ایسے ہی فنکاروں میں ایک نام وینا ملک کا ہے۔ جن کا فنی سفرمتنازعہ واقعات سے بھرا پڑا ہے۔ پاکستان اور پڑوسی ملک بھارت میں انہوں نے بہت سا کام کیا لیکن ان کی کچھ حرکات ایسی تھیں کہ جس پرپوری قوم غم وغصہ میں ڈوب گئی۔ مگروقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جہاں وینا ملک کی شخصیت میں بہترین بدلاؤآیا ، وہیں لوگوں کے دلوں سے بھی نفرت دورہونے لگی۔ وینا ملک نے اسد خٹک نامی گلوکارسے شادی کرلی جس کے بعد انہوں نے فنون لطیفہ کوخیربادکہا اورنجی زندگی پرتمام تر توجہ مرکوزکرلی۔

اس دوران اللہ پاک نے انہیں اولاد کی شکل میں انمول تحفہ بھی دیا۔ وینا ملک کے ہاں پہلے بیٹا اورپھربیٹی کی پیدائش ہوئی ، جن کے ساتھ وہ امریکہ اوردبئی میں خوش وخرم زندگی بسر کررہی ہیں۔ گزشتہ دنوں ویناملک پاکستان آئیں اور اپنے شوہرکے ہمراہ مختلف تقریبات میں شریک ہوئیں۔ اس موقع پرانہوں نے اپنے مصروف ترین شیڈول کے باوجود ''ایکسپریس''کوخصوصی اور دلچسپ انٹرویودیا ، جوقارئین کی نذرہے۔

ویناملک کا کہنا تھا کہ شوبزمیں واپسی بڑے زوروشورسے ہونے جا رہی ہے۔ فنی کیرئیرمیں شوہرہی نہیں بلکہ سسرال والوں اورمیری فیملی کی طرف سے مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ اسی لئے تواب دوبارہ سے شوبزمیں کام کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ ویسے بھی بطوراداکارہ میں نے تاحال کوئی ایسا بڑا سنگ میل عبورنہیں کیا۔ میں بطوراداکارہ بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں۔ میں توہمیشہ ہی ہرپراجیکٹ کوشروع کرنے سے پہلے یہی محسوس کرتی ہوں کہ یہ میرا پہلا کام ہے۔

اس کے علاوہ پروڈکشن کے میدان میں بھی آنے کا ارادہ ہے۔ میں اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینرتلے کچھ منفرد پراجیکٹس بنانے کا ارادہ رکھتی ہوں ، جس کیلئے کام جاری ہے۔ جہاں تک بات ایکٹنگ کے شعبے میں اسد کے ساتھ ہی کام کرنے کی ہے توایسی کوئی بات نہیں۔ ہمارے پڑوسی ملک بھارت اوریہاں بھی کچھ ایسی مثالیں موجود ہیں لیکن ایسا توتبھی ہوگا جب ہماری جوڑی کوپبلک پسند کرے گی۔ اس سلسلہ میں کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے کہ ہم اب ایک ساتھ ہی کام کرینگے۔ حالانکہ اسد خاصے ٹیلنٹڈ ہیں ، مگرانہیں میوزک کے شعبے میں اپنا کیرئیربنانا ہے، جوکہ میری بھی تمنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایکٹنگ کے شعبے میں کام کرنا چاہتی ہوں اورجلد ہی اپنے چاہنے والوںکو ایک منفرد روپ میں دکھائی دونگی۔ ہم کچھ پراجیکٹس میں ایک ساتھ بھی ہونگے۔


ایک سوال کے جواب میں وینا ملک نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی میوزک سے بہت لگاؤ تھا۔ میں نے شوبزمیں انٹری کیلئے جوپہلا آڈیشن دیا ، وہ گلوکاری کا ہی تھا لیکن مجھے بطوراداکارہ منتخب کرلیا گیا۔ پھرایکٹنگ میں ایسی مصروفیت ہوئی کہ میوزک کی طرف توجہ نہ دے سکی۔

میں نے 2012ء میں دوگیت ریکارڈ کئے تھے جن کو اچھا رسپانس ملا ،مگر اس کومستقل طورپرآگے نہیں بڑھا سکی۔ البتہ مستقبل میں بطورصوفی سنگرکام کرنا چاہتی ہوں۔ اس کے علاوہ نعتیہ کلام بھی ریکارڈ کرونگی۔ یہی نہیں اسد کے ساتھ بھی گلوکاری کرنے کا ارادہ ہے۔ ہم نے ایک خصوصی نغمہ ریکارڈ بھی کیا ہے، جوسوشل میڈیا کے ذریعے ریلیز کیا جائے گا۔

اس موقع پروینا ملک کے شوہرگلوکار اسد خٹک نے کہا کہ میرا پروفیشن گلوکاری ہے لیکن ایک فلم میں ایکٹنگ بھی کررہا ہوں، جس کیلئے وینا نے بہت رہنمائی کی ہے۔ اس سلسلہ میں وینا ملک کی مجھے مکمل سپورٹ ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ مجھے گلوکاری تک ہی محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ ایکٹنگ کے شعبے میں بھی اپنی صلاحیتیں دکھانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہماری شادی ہوئی تومجھے پاکستان ہی نہیں بلکہ بالی وڈ سے بھی فلموںمیں کام کرنے کی پیشکش ہورہی تھی لیکن ہم دونوں نے باہمی رضا مندی کے ساتھ شوبزسے دوری اختیارکی اوراپنی فیملی کووقت دیا۔ اللہ پاک نے ہمیں اولاد کی نعمت سے نوازااورہماری جھولی خوشیوں سے بھردی۔ اس دوران ہم دونوں اڑھائی سال کیلئے شوبزسے دورہوگئے تھے لیکن فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے لگے۔ مستقبل میں جہاں ہم فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں کام کرتے دکھائی دینگے، وہیں فلاحی کاموں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

جب سیاسی سرگرمیوںکے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو اسد خٹک نے کہا کہ عمران خان بچپن سے ہی میرے آئیڈیل ہیں۔ وہ بہترین کرکٹرتھے اوران کی وجہ سے پاکستان کوورلڈ کپ کا تحفہ ملا۔ پاکستان میں کینسرجیسے مہلک مرض کے علاج کیلئے ہسپتال بھی انہی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اب وہ سیاسی جماعت کے رہنما ہیں تومیں ان کے ساتھ ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ پاکستان کوبحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ دوسری جانب وینا ملک کا کہنا تھا کہ میرا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے ۔ کیونکہ میرے والد مسلم لیگ (ن ) کے سپورٹرہیں جبکہ شوہر تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ اس لئے میری کسی سیاسی جماعت کے ساتھ وابستگی نہیں ہے لیکن مستقبل کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتی۔

انٹرویو کے آخرمیں بات کرتے ہوئے وینا ملک کا کہنا تھا کہ انسان اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے اورماضی میں ہونیوالی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ مستقبل میں ایسے اچھے اورمنفردکام کرونگی کہ لوگ حیران رہ جائینگے۔ اس سلسلہ میں اپنی تمام ترتوجہ دینی تعلیمات کی طرف مرکوز کرلی ہیں اورعلماء کرام اس حوالے سے رہنمائی بھی کررہے ہیں۔
Load Next Story