لاہور میں گودام کی دیوار گرنے سے اورنج لائن منصوبے کے 8 مزدور جاں بحق

جاں بحق مزدوروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں

جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے فوٹو: ایکسپریس نیوز

واڑہ گجراں میں زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے سے خیموں میں سوئے اورنج لائن منصوبے کے 8 مزدور جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے واڑہ گجراں میں قائد اعظم انٹر چینج کے قریب ایک خالی اراضی میں اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں نے خیمہ بستی قائم کررکھی تھی، چند روز قبل خالی اراضی کے مالکان کی جانب سے وہاں گودام کی تعمیر شروع کردی گئی تھی۔ گودام کی دیوار وہاں ڈالی گئی مٹی، تیز بارش اور ہواؤں کے جھکڑ کا دباؤ برداشت نہ کرسکی اور ڈھے گئی۔


مزدوروں کے 3 خیمے گرنے والی دیوار کی زد میں آگئی اور 13 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکن موقع پر پہنچے اور انہوں نے تمام مزدوروں کو نکال کر میو اسپتال پہنچادیا، جہاں ڈاکٹروں نے7 مزدوروں کی موت کی تصدیق کردی جب کہ 6 کو طبی امداد کی فراہمی شروع کردی، اسی دوران ایک اور مزدور بھی دم توڑ گیا۔ اسپتال انتطامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی مزدوروں کو علاج و معالجہ کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Load Next Story