کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے چھاپے

بلدیہ ٹاؤن میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس نے ایک درجن سے زائدکو گرفتارکرلیا

بلدیہ ٹاؤن میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز نے ایک درجن سے زائدکو گرفتارکرلیا فوٹو: فائل

پولیس نے بلدیہ ٹاؤن میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ رینجرز سندھ نے لیاقت آباد اور گلبہار میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔


گلبہار میں واقع مسجد پر حملے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی بلدیہ ٹاؤن شاہجہاں خان کی سربراہی میں پولیس نے یوسف گوٹھ کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران علاقے کی ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ ، چرس اور ہیروئن برآمد کرلی ، پولیس رات گئے تک حراست میں لیے جانے والوں سے مزید پوچھ گچھ کر رہی تھی ، رینجرز سندھ نے لیاقت آباد کے علاقے الیاس گوٹھ سی ون ایریا اور گلبہار کے علاقے حاجی مرید گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائیوں میں متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ،دریں اثنا گلبہار کے علاقے فردوس کالونی میں واقع مسجد پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس اور رینجرز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر گشت میں اضافہ کر دیا جبکہ پولیس نے مختلف مقامات پر اضافی نفری کو بھی تعینات کر کے اسنیپ چیکنگ کا عمل شروع کر دیا ۔
Load Next Story