پاکستان کے اسکلز کیمپ کےلیے 21 کھلاڑیوں کےناموں کا اعلان

عمر اکمل اور احمد شہزاد بہتر پرفارمنس اور اچھے طرزعمل سے واپس آسکتے ہیں۔ انضمام الحق

دورہ انگلینڈ کےلئے اسکلز کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں آصف ذاکر اور اکبر رحمان کو بھی شامل کیا گیا فوٹو: فائل

لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے سلسلے میں اسکلز کیمپ کےلیے 21 کھلاڑیوں کےناموں کا اعلان کردیا ہے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم آئندہ ماہ انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا ۔ اس سلسلے میں 30 مئی سے 5 جون تک لاہور میں اسکل کیمپ لگایا جارہا ہے جس میں 21 کھلاڑی شرکت کریں گے، دورہ انگلینڈ کے لیے بھی ان ہی کھلاڑیوں میں سے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ سینئیر کھلاڑی ہے لیکن اس کی کیمپ میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے، حارث سہیل کوفٹ ہونے میں ابھی وقت لگے گا،وہاب ریاض کی فٹنس کا مسئلہ نہیں، عماد وسیم تین ہفتے میں فٹ ہوجائے گا، اس کے علاوہ عمر اکمل اور احمد شہزاد بہتر پرفارمنس اور بہتر طرزعمل سے واپس آسکتے ہیں۔


انضمام الحق نے کہا کہ اسکلز کیمپ کے لیے اوپنرز میں محمد حفیظ، سمیع اسلم، خرم منظور اور شان مسعود، مڈل آرڈر بلےبازوں میں اظہرعلی، یونس خان ، مصباح الحق، اسد شفیق، افتخار احمد، آصف ذاکر اور اکبر رحمان، وکٹ کیپرز میں سرفراز احمد اور محمد رضوان، فاسٹ بالرز میں محمدعامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنیدخان اور احسان عادل جب کہ اسپنرز میں یاسر شاہ اور ذوالفقاربابرکو شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان اے ٹیم کا اعلان کا بھی اعلان کیا ، ٹیم میں شرجیل خان، فرخ زمان،جاہد علی، سعود شکیل، بابر اعظم،عمر شفیق، عبدالرحمان مزمل، محمد نواز،حسن علی، میر حمزہ، محمد عباس، رئیس اللہ ، بلاول بھٹی، محمد اصغر شہزاد خان اور محمد حسن شامل ہیں۔

چیف سلیکٹرکا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں تجربہ کار کھلاڑی بہتر رزلٹ دے سکتا ہے لیکن انہوں نے کوشش کی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے۔ اگر اے ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے اچھی کاکردگی دکھائی تو انھیں بھی پاکستان کی قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

Load Next Story