حکومت کا سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

ماہ صیام میں لوڈ شیڈنگ کی صورت حال مانیٹرکرنےکیلئےخودسحروافطارکےاوقات میں مساجدمیں بیٹھوں گا،وزیرمملکت برائےپانی وبجلی

رمضان المبارک کے دوران کم سے کم لوڈ شیڈنگ کے لیے اقدامات مکمل کرلیے ہیں، وزیرمملکت برائے پانی و بجلی۔ فوٹو: فائل

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزارت پانی و بجلی نے رمضان المبارک کے دوران کم سے کم لوڈ شیڈنگ کے لیے اقدامات مکمل کرلیے ہیں،ماہ صیام میں سحر اور افطار کے دوران گھریلو صارفین کے لیے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی تاہم صنعتی علاقوں میں 8 بجلی بند رہے گی۔ صورت حال کو مانیٹر کرنے کے لیے وہ خود سحر اور افطار کے اوقات میں مساجد میں بیٹھیں گے اور کسی بھی علاقے میں اس دوران لوڈ شیڈنگ کی شکایت آئی تو کارروائی کی جائے گی۔


عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہیں، رواں سال کے آخر تک بجلی کی پیداوار کو 18 ہزار میگا واٹ تک لے جایا جائے گا ، اس کے لئے ساڑھے 3 ہزار ٹرالی ٹرانسفارمرز خریدے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی اگر ارکان پارلیمنٹ،اعلیٰ افسران سمیت کوئی بھی ادارہ بل ادا نہ کرنے والوں میں ملوث ہوا تو اس کا کنکشن منقطع کردیا جائے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان اپنا دہرا معیار ختم کریں اور قومی سیاست میں آکر نفرت نہ پھیلائیں ہمارے منہ بھی زبان ہے، عمران خان کی نحوست کی وجہ سے خیبرپختون خوا میں چوہوں کی شکل میں اللہ کاعذاب آیا۔
Load Next Story