کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق

ناگن چورنگی میں فلیٹ سے پولیس اہلکار کی تشدد زدہ لاش ملی۔

ناگن چورنگی میں فلیٹ سے پولیس اہلکار کی تشدد زدہ لاش ملی۔ فوٹو؛ فائل

NEW DEHLI:
شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں نامعلوم افراد نے گھر کے باہر بیٹھے افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جب کہ واقعے میں زخمی نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔


پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق افراد کی شناخت عاصم اور امیر حیدر کے نام سے ہوئی ہے اور واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی باقاعدہ تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں۔

ادھر ایم کیوایم نے ملیر میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 2 افراد کو اپنا کارکن اور ہمدرد قرار دیا ہے۔ ایم کیوایم ذرائع کے مطابق فائرنگ میں جاں بحق ہونے والا عاصم ملیر یونٹ 95 کا کارکن تھا۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ لانڈھی 89 میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ ناگن چورنگی کے قریب فلیٹ سے پولیس اہلکار کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش سب انسپکٹر کی ہے جو ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں تعینات تھا جب کہ اس نے 3 شادیاں کررکھی تھیں۔
Load Next Story