لندن میں وزیراعظم نواز شریف کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہوگی

وزیراعظم کو آج وطن واپس آنا تھا تاہم اوپن ہارٹ سرجری کے بعد انہیں ایک ہفتہ اسپتال میں قیام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم کو آج وطن واپس آنا تھا تاہم اوپن ہارٹ سرجری کے بعد انہیں ایک ہفتہ اسپتال میں قیام کرنا ہوگا۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم نوازشریف کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہوگی جس کے بعد انہیں ایک ہفتے تک اسپتال میں قیام کرنا ہوگا اور وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی ہدایت پر کریں گے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ڈاکٹروں نے انہیں آپریشن کا مشورہ دیا ہے۔ ابتدائی طور پر ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کی انجیوپلاسٹی ہوگی تاہم نواز شریف کی دل کی شریانوں کی صحیح صورتحال جاننے کےلیے انجیو گرام کیا گیا اور مزید ٹیسٹ معائنوں اور اسکینز کے بعد نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کا فیصلہ کیا گیا جو منگل کے روز کی جائے گی۔



ذرائع کےمطابق ڈاکٹروں نے وزیراعظم کے کئی ٹیسٹ مکمل کرلیے جب کہ اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو ایک ہفتے اسپتال میں قیام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف کو آج وطن واپس آنا تھا تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے آپریشن کا مشورہ دیے جانے کے بعد اب وزیراعظم وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی ہدایت پر ہی کریں گے۔








دوسری جانب سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہوگی جب کہ لاکھوں لوگ وزیراعظم نوازشریف کے لیے دعاگو ہیں، انشاء اللہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے کیوں کہ دعائیں ادویات سے زیادہ موثر ہیں۔



مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے وزیراعظم کے کئی ٹیسٹ کیے اور کچھ پیچید گیوں کے باعث ڈاکٹرز نے اوپن ہارٹ سرجری تجویز کی جب کہ وزیراعظم سرجری سے قبل 3 روزتک مخصوص ادویات استعمال کریں گے اور سرجری کے بعد ایک ہفتے تک اسپتال میں قیام کریں گے جس کے بعد ڈاکٹرز کی ہدایت سے ہی وطن واپس آئیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کو کل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرنا تھی جس میں بلوچستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر تبادلہ خیال کیا جانا تھا تاہم وزیراعظم کی غیرموجودگی میں کمیٹی کا اجلاس بھی موخر کردیا گیا ہے۔

 
Load Next Story