کرکٹرز پرمشتمل کرکٹ کمیٹی کا وعدہ وفا ہوہی گیا

چیئرمین مدثر نذر،اقبال قاسم،ندیم خان، عروج ممتاز ارکان، عدنان مظفرسیکریٹری ہونگے

شکیل شیخ کے لیے متبادل بندوبست، ڈومیسٹک کمیٹی کی سربراہی سونپ دی گئی فوٹو؛ اے ایف پی/ فائل

ISLAMABAD:
کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ کمیٹی کا وعدہ وفا ہو ہی گیا، چیئرمین مدثر نذر، ارکان میں اقبال قاسم،ندیم خان، عروج ممتاز شامل، عدنان مظفر علی سیکریٹری ہونگے،شکیل شیخ کیلیے متبادل بندوبست کرتے ہوئے ڈومیسٹک کمیٹی کی سربراہی سونپ دی گئی، پی سی بی کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے والے ظفر محمود کو ایچ آر کمیٹی میں جگہ مل گئی۔


تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے بورڈ آف گورنرز کی منظور ی سے نئی کمیٹیز تشکیل دیدی ہیں،بورڈ کے سربراہ شہریار خان کی جانب سے کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ کمیٹی بنانے کا وعدہ بھی بالآخر پورا ہوگیا،اس سیٹ اپ کا چیئرمین ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کو بنایا گیا ہے، ارکان میں اقبال قاسم،ندیم خان اور عروج ممتاز شامل ہیں، عدنان مظفر علی(منیجر انٹرنیشنل کرکٹ) سیکریٹری ہوں گے۔کرکٹ کمیٹی سے نان کرکٹرز کو فارغ کیے جانے کے نتیجے میں رکن گورننگ بورڈ شکیل شیخ کیلیے بھی نئی مصروفیت ڈھونڈ لی گئی، انھیں ڈومیسٹک افیئرزکمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔

دیگر اراکین امجد لطیف ،گل زادہ اور علی ضیا ہیں، پی سی بی منیجر ڈومیسٹک کرکٹ ثاقب عرفان سیکریٹری کے فرائض سر انجام دیں گے۔ ایچ آر کمیٹی کا چیئرمین نجم سیٹھی کو بنایا گیا، دیگر اراکین میں چند روز قبل پی سی بی پر من مانیوں کا الزام عائد کرنے والے گورننگ بورڈ کے ممبر ظفر محمود،سبحان احمد ( چیف آپریٹنگ آفیسر) اور بدر ایم خان ( چیف فنانشل آفیسر ) شامل ہیں۔ بریگیڈیئر (ر) ساجد حمید (ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن) سیکریٹری ہوں گے۔ آڈٹ کمیٹی کا چیئرمین منصور مسعود خان (رکن گورننگ بورڈ ) کو مقرر کیا گیا ہے،ارکان میں نجم سیٹھی اور بدر ایم خان موجود ہیں، رؤف بھٹی ( انٹرنل آڈیٹر ) سیکریٹری کی ذمہ داریاں سنبھالینگے۔
Load Next Story