پشاور میں دہشتگردی کی کوشش ناکام خودکش حملہ آور ساتھی سمیت گرفتار
پولیس نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خیبرایجنسی سے داخل ہونے والے خودکش حملہ آور کو ساتھی سمیت گرفتارکرلیا ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے باڑہ سے سربند کے راستے پشاور میں داخل ہونے والے دو موٹرسائیکل سواروں کو خان لارہ کے مقام پر روکا، جس میں سےایک نے اپنے جسم پرخودکش جیکٹ باندھ رکھی تھی۔
پولیس نے ان دونوں کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشتگرد کے جسم سے بندھی بارودی جیکٹ کو ناکارہ بنادیا۔ جیکٹ میں 3 کلو گرام بارودی مواد اور 2 کلو گرام بال بیئرنگ رکھے گئے تھے، جیکٹ کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے جوڑا گیا تھا جس کا ریموٹ کنٹرول دوسرے موٹر سائیکل سوار سے برآمد ہواہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار خودکش حملہ آورکی عمرچودہ سے پندرہ سال ہے جو کہ حراست کے وقت مدہوشی کی حالت میں تھا جبکہ دوسرا موٹرسائیکل سوار اسکول ٹیچرہے۔
ملزم کے ابتدائی بیان کے مطابق وہ پشاور کی طرف آرہا تھا کہ راستے میں چند لوگوں نے اسے روک کر لڑکے کو اپنے ساتھ لے جانے کا کہا تھا۔ پولیس نے مزید تفتیش کے لئے دونوں دہشتگردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔