خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بارش سے گرمی میں کمی سندھ میں سورج بدستور سوا نیزے پر

جون میں میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی اور درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

ہوا میں نمی 50 فیصد سے کم ہے جب کہ مغربی اور شمال مغربی ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات:فوٹو:فائل

وسطی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے تاہم جنوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سورج بدستور سوا نیزے پر ہے۔

کئی روز کی گرمی کے بعد گزشتہ رات لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ اب تک سب سے ذیادہ درجہ حرارت سبی اور شہید بے نظیرآباد میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو چکا ہے جبکہ مونجودڑو 48 ، سکھر ، پڈعیدن ، جیکب آباد ، دادو اور لاڑکانہ میں 47 روہڑی اوررحیم یار خان میں 46، خانپور 44 ، بہاولپور 43 ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر 42 ، ساہیوال اور پشاور 41 ، سیالکوٹ ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ 40 لاہور 39 اسلام آباد 38 ، کوئٹہ 35 اور کراچی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔


محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہےگا۔ تاہم آج راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ، پشاور، مردان،کوہاٹ، ڈویژن ،اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز اور گرد آلود ہواوٰں اور گرج چمک کےساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ میرپورخاص،سکھر، شہید بینظیر آباد،حیدرآباد، جنوبی پنجاب(ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان)اور کوئٹہ ڈویژن میں گرد آلود ہواوئیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول نے کہا کہ جون میں میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی اور درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران میدانی اورساحلی علاقوں میں ہیٹ ویوز آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال مون سون بارشیں جولائی کے پہلے ہفتے میں شروع ہوتی ہیں تاہم اس بار بارشیں اس سے چند روز پہلے شروع ہونے کا امکان ہے۔ جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔
Load Next Story