انگلینڈ کا منفرد ریستوراں

جہاں کھانا رولرکوسٹر کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے

جہاں کھانا رولرکوسٹر کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے ۔ فوٹو : فائل

ایلٹن ٹاور انگلینڈ کے مشہور تفریحی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ دراصل تھیم پارک ہے جس کے اندر واٹر پارک اور جدیدسہولتوں سے آراستہ ہوٹل بھی موجود ہے۔ تفریح کے دوسرے ذرائع کے علاوہ ایلٹن ٹاورز رولرکوسٹر رائڈ کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ بچوں کی ٹرین نما رولر کوسٹر جب اونیچے، نیچے، اور بل کھاتے آہنی ٹریک پر بجلی کی سی تیزی سے دوڑتی ہے تو بہت سوں کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔ اس سواری میں بیٹھ کر انسان جو سنسنی محسوس کرتا ہے، اس کا اپنا ہی لطف ہوتا ہے۔

ایلٹن ٹاور میں اس سنسنی خیز سواری کے مزے لینے والے یہاں نوتعمیر شدہ ریستوراں میں اپنی پسندیدہ فاسٹ فوڈزسے بھی لطف اندوز ہونے لگے ہیں۔ اس ریستوراں کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں آنے والے مہمانوں کو فاسٹ فوڈ ویٹر پیش نہیں کرتے بلکہ ان کے آرڈر کیے گئے لوازمات رولرکوسٹر کے ذریعے ان تک خود بہ خود پہنچ جاتے ہیں! غالباً یہ برطانیہ کا پہلا ریستوراں ہے جہاں گاہکوں کو ان کی آرڈر کی ہوئی چیزیں پہنچانے کے لیے یہ منفرد طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔ رولرکوسٹر ریسٹورنٹ نے ایلٹن ٹاورر کی شہرت اور بڑھادی ہے اور اس جگہ کا رُخ کرنے والوں کی تعداد میںاضافہ ہونے لگا ہے۔

رولرکوسٹر ریسٹورنٹ میں داخل ہونے والے گاہک کو ایک ملازم سیٹ پر بیٹھنے کا اشارہ کرتا ہے اور پھر اسے بتاتا ہے کہ وہاں موجود ٹیبلٹ کمپیوٹر کے ذریعے اپنی پسند کا آرڈر کیسے دیا جائے۔


ریستوراں کے وسط میں 26 فٹ اونچی کئی رولرکوسٹر نصب کی گئی ہیں۔ ہر ایک کے نچلے سرے کے اطراف چار میزیں لگائی ہیں۔ آرڈر کیا گیا کھانا رولرکوسٹر کے دو فولادی پائپوں سے بنے ٹریک پر گھومتا ہوا نچلے سرے تک پہنچتا ہے۔

کھانا دھاتی برتنوں میں بند ہوتا ہے جن پر لگے ہوئے ٹیگ پر میز کا نمبر درج ہوتا ہے۔ چناں چہ متعلقہ میز پر بیٹھا ہوا فرد یا افراد نمبر دیکھ کر اپنا کھانا رولرکوسٹر پر سے اٹھا لیتے ہیں۔ دراصل ریستوراں میں فاسٹ فوڈ تیار کرنے کا نظام بالائی منزل پر رکھا گیا ہے۔ وہاں کاری گر آرڈر کے مطابق فاسٹ فوڈ ڈبوں میں بند کرتے ہیں اور نمبر لگا کر رولر کوسٹر پر رکھ دیتے ہیں۔ رولرکوسٹر پر گھومتے ہوئے ڈبے آہستہ رفتار کے ساتھ نیچے پہنچ جاتے ہیں۔ مشروبات کی سیل بند بوتلیں بھی اسی طرح اوپر سے نیچے سفر کرتی ہوئی پہنچتی ہیں۔ البتہ گرم مشروبات جیسے کافی، چائے وغیرہ روایتی طریقے سے پیش کیے جاتے ہیں۔ یعنی ویٹر خود پہنچاتے ہیں۔

دل چسپ بات یہ ہے رولرکوسٹر چوں کہ مسلسل حرکت میں رہتی ہے، اس لیے اس پر رکھے ہوئے کھانے کے ڈبے بھی متحرک رہتے ہیں۔ لہٰذا انھیں ٹریک یا بیلٹ پر سے اٹھانے کے لیے تھوڑی سی تیزی دکھانی پڑتی ہے۔ سستی سے کام لیا جائے تو پھر یہ ڈبے آگے بڑھ جاتے ہیں۔ دوبارہ انھیں نیچے آنے میں تھوڑا سا وقت لگتا ہے۔ یوں ' ہوا میں تیرتی' ہوئی خوراک کو ' قابو' کرنا ایک دل چسپ اور نیا تجربہ ثابت ہوتا ہے۔ غالباً اسی لیے رولرکوسٹر ریسٹورنٹ میں آنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔
Load Next Story