چاول کی عالمی پیداوار کھپت سے زائد رہنے کی امید

پاکستان، تھائی لینڈ، مصر کی رائس ایکسپورٹ بڑھے گی، ایف اے او

ایف اے او سے جاری رائس مارکیٹ مانیٹر نامی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں چاول کے عالمی ذخائر 7فیصد بڑھ کر ایک کروڑ ٹن تک پہنچ جائیں گے۔ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک وزراعت (ایف اے او) نے کہا ہے کہ رواں سال چاول کی عالمی پیداوار سال 2012/13 کی کھپت سے زائد رہے گی اور 2013کے اختتام پر اسٹاک بڑھ کر 50لاکھ ٹن رہنے کا امکان ہے۔


ایف اے او سے جاری رائس مارکیٹ مانیٹر نامی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں چاول کے عالمی ذخائر 7فیصد بڑھ کر ایک کروڑ ٹن تک پہنچ جائیں گے جس کے نتیجے میں چاول کا ذخیرہ برائے کھپت تناسب آئندہ سال 33.6 فیصد سے بڑھ کر 35.5فیصد پر پہنچنے کی امید ہے۔ ایف اے او نے اپنی جولائی کی پیشگوئی کے مقابلے میں اب رواں سال چاول کی پیداوار 42 لاکھ ٹن کے اضافے سے 72کروڑ 90 لاکھ ٹن یا 48 کروڑ 60 لاکھ ٹن ملڈ ہونے کی امید ظاہر کی ہے جس کی وجہ بھارت میں اگست کے وسط میں مون سون بارشوں کے بعد اطمینان بخش سیزن کی امید ہے۔

اس کے علاوہ مصر، کوریا، فلپائن، امریکا اور ویتنام میں بھی اچھی پیداوار کی امید تاہم میانمار، کولمبیا اور سینیگال میں پیداوار کم رہنے کا اندیشہ ہے۔ ایف اے او کے مطابق ایشیا میں دھان کی پیداوار 66 کروڑ 10 لاکھ ٹن اور ملڈ چاول کی پیداوار 44 لاکھ 10 ہزار ٹن رہنے کی امید ہے جو 2011سے 0.8فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2013 میں چاول کی عالمی تجارت 37.5 ملین ٹن رہے گی جو 2013 کے تخمینے سے معمولی زیادہ ہو گی، رواں سال تجارت 37.3ملین ٹن رہنے کی امید ہے، تھائی لینڈ، آسٹریلیا، مصر، پاکستان اور ویتنام کی برآمدات میں اضافہ ہوگا تاہم بھارت، ارجنٹائن، بولیویا، برازیل اور امریکا کی برآمدات میں کمی آئے گی۔
Load Next Story