برطانوی ویزے کیلیے محمد عامر کا انتظار طویل ہوگیا

پاکستانی ٹیم کواجازت نامے مل گئے،فکسنگ میں سزایافتہ پیسرکاپاسپورٹ واپس نہ آیا

پیسرکا ویزہ بھی 3، 4 روز تک آجائے گا(بورڈ)کوچ کے کیمپ میں آنے کا امکان کم فوٹو: فائل

برطانوی ویزے کے لیے محمد عامر کا انتظار طویل ہوگیا، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اجازت نامے مل گئے، البتہ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پیسرکا پاسپورٹ واپس نہ آیا، اس حوالے سے بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیسرکو بھی 3، 4 روز تک ویزہ مل جائیگا، واضح رہے کہ عامر کو اسپاٹ فکسنگ پر انگلینڈ میں سزا ہو چکی ہے۔


برطانوی قوانین کے مطابق قید کی سزا پانے والے کسی بھی فرد کو ویزے کے سلسلے میں خصوصی اجازت درکار ہوتی ہے۔ دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گذشتہ روز ٹیسٹ کپتان مصباح الحق سے حتمی اسکواڈ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، بعدازاں سلیکٹرز کی الگ سے بھی ایک میٹنگ ہوئی جس میں پلیئرز کے حوالے سے کوچز اور کپتان کی رائے کا جائزہ لیا گیا، ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی طویل ٹورکیلیے دونوں وکٹ کیپرز کو ٹیم کا حصہ بنانے کا سوچ رہی ہے، اس لیے گذشتہ روز سرفراز احمد کے ساتھ رضوان سے بھی بھرپور بیٹنگ کرائی گئی، ٹیم 17تاریخ کی شب برطانیہ روانہ ہوگی، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ14جولائی سے شروع ہوگا۔

ادھر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے پاکستان آنے یا نہ آنے کا فیصلہ جمعرات کو ہوگا،ذرائع کے مطابق انھیں آسٹریلوی شہریت مل چکی اور وہ پاسپورٹ ملنے کا انتظار کر رہے ہیں، اس کے بعد پاکستانی ویزے کے لیے درخواست دیں گے، کیمپ5 جون کو ختم ہو جائے گا جس کے بعد کھلاڑی اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے،آرتھر کے دوران کیمپ پاکستان آنے کا امکان کم ہے، اس صورت میں حتمی اسکواڈکیلیے ان سے فون پر مشاورت کی جائے گی۔
Load Next Story