ٹی20 سیریز آئرلینڈ کیخلاف بنگلہ دیشی کلین سوئپ مکمل

تیسرے میچ میں2وکٹ سے فتح،رینکنگ میں پاکستان سے چوتھی پوزیشن چھین لی

تیسرے میچ میں2وکٹ سے فتح حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیشی کھھلاڑی ایک دوسر کو مبارکباد دیتے ہوئے، بنگلہ ٹیم نے رینکنگ میں پاکستان سے چوتھی پوزیشن بھی چھین لی۔ فوٹو ایکسپریس

آئرلینڈ کیخلاف تین میچز کی سیریز میں کامیابی حاصل کرکے بنگلہ دیش نے آئی سی سی ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں پاکستان سے چوتھی پوزیشن چھین لی، ٹائیگرز انٹرنیشنل سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کی بدولت 111 پوائنٹس لے کر پاکستان اور آسٹریلیا کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوگئے۔


گرین شرٹس کو پانچویں جبکہ کینگروزکو چھٹے نمبر پر اکتفا کرنا پڑا ہے، انگلینڈ نے پہلی، جنوبی افریقہ نے دوسری اور سری لنکا نے تیسری پوزیشن پر قدم جما رکھے ہیں، بیلفاسٹ میں ہفتے کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 2وکٹ سے کامیابی حاصل کی، میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 140 کا مجموعہ ترتیب دیا،

ٹائیگرز نے کپتان مشفیق الرحیم کے اختتامی لمحات میں آئوٹ ہوجانے کے بعد اختتامی گیند پر وننگ رن بناکر میدان مار لیا، تمیم اقبال نے 39 رنز بنائے، مشرفی مرتضی نے چار چھکوں کی مدد سے جارحانہ 30 رنز بنا کر پانسہ پلٹا، اس سے قبل انھوں نے 4 کھلاڑیوں کو بھی آئوٹ کیا، پال اسٹرلنگ نے 3اور جورج ڈوکریل نے 2وکٹیں لیں، دریں اثنا جمعے کی شب کھیلے گئے دوسرے ٹوئنٹی 20 میں بھی بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کیخلاف 1رن سے فتح پائی تھی۔
Load Next Story