جرائم کے خاتمے کیلیے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا گورنر سندھ

صرف 25 تھانوںکی حدود میں جرائم کی شرح زیادہ ہے،امن وامان سے متعلق اجلاس.

صرف 25 تھانوںکی حدود میں جرائم کی شرح زیادہ ہے،امن وامان سے متعلق اجلاس۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ جرائم کی ماہیت تبدیل ہورہی ہے، خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔

عوام میں پولیس کا امیج بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ جرائم کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی کی رفتار کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر جرائم کے خلاف کارکردگی عوام کے سامنے لائی جائے یہی وہ طریقہ ہے کہ جس سے عوام کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کاامیج بہتر ہوگا اور مجرموں پر اس کا خوف پیدا ہوسکے گا۔ ہر قسم کے دبائو سے بالا تر ہو کر بلا تفریق کارروائی جاری رکھیں ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی قربانیاں ہیں ان قربانیوں کا ثمر اس وقت سامنے آئے گا جب عوام میں احساس تحفظ پیدا ہوگا۔


یہ بات انھوں نے گورنر ہائوس میں امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں کراچی کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پولیس کو چاہیے کہ وہ میڈیا کے ساتھ اپنے رابطے کو وسعت دے اور روزانہ کی بنیاد پر معلومات شیئر کرے ،تاکہ کارکردگی کے حوالے سے میڈیا اپ ڈیٹ رہے۔

انھوں نے کہا کہ جب تک آپ مجرموں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹیں گے ،اس وقت تک جرائم پیشہ عناصر اپنی کاروائیوں سے باز نہیں آئیں گے۔ اس وقت 110 تھانوں میں سے صرف 25 تھانے ایسے ہیں جن کی حدود میں جرائم کی شرح زیادہ ہے، اگر فوکس اور ٹارگٹڈ حکمت عملی اپنائی جائے تو ان تھانوں کی حدود میں بھی حالات کوجلد بہتر بنایا جاسکتاہے۔ گورنر سندھ نے قوانین میں ترمیم کے حوالے سے یقین دلایا کہ بہت جلد ایسی ترامیم لائی جا رہی ہے جس کے بعد مجرم قانونی پیچیدگیوں کا فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
Load Next Story