کنگ آف سوئنگ وسیم اکرم نے زندگی کی 50 بہاریں دیکھ لیں

وسیم اکرم پاکستان کرکٹ ٹیم کے علاوہ انگلش کاؤنٹی ہمشائر ، لنکا شائر اور پی آئی اے کی جانب سے بھی کھیلتے رہے ہیں

وسیم اکرم ان دنوں ملکی اور غیر ملکی سپورٹس چینلز پر کمٹیٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں : فوٹو : فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور سابق کپتان وسیم اکرم 50 برس کے ہوگئے ان کے مداحوں نے ان کی سالگرہ کے موقع پر اپنے اسٹار سے محبت کا اظہار کیا۔

3 جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہونے والے وسیم اکرم نے اپنی 50 ویں سالگرہ منائی۔ مایہ نازآل راؤنڈراوراپنی جادوئی بولنگ کے باعث کنگ آف سوئنگ کا خطاب پانے والے وسیم اکرم نے اپنے ٹیسٹ کیرئر کا آغاز آکلینڈ کے گراؤنڈ میں 25 جنوری 1985 کو نیوزی لینڈ کے خلاف کیا۔ کرکٹ کے طویل فارمیٹ ٹیسٹ کے 104 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اورآل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 147 اننگز میں 22.64 کی اوسط سے 2 ہزار 898 رنز بنائے جس میں 3 سینچریاں اور 7 نصف سینچریز بھی شامل ہیں جب کہ ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکورایک اننگز میں 257 ناٹ آؤٹ ہے۔

وسیم اکرم ٹیسٹ میچز میں 104 میچوں کی 181 اننگز میں 414 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ اس فارمیٹ میں 1 اننگز میں 119 رنز دے کر 7 وکٹیں لینا ان کی بہترین کارکردگی رہی۔ وسیم اکرم نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا ۔ 25 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے 12 میچز جتوائے اور 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


وسیم اکرم نے ایک روزہ میچوں کا آغاز فیصل آباد میں 23 نومبر1984 کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کیا۔ ون ڈے کیرئیر میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے 356 میچوں میں بولنگ کراتے ہوئے دنیا کے 502 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور بہترین بولنگ میں 15 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی۔وسیم اکرم ایک روزہ کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے بولر ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں وسیم اکرم نے 280 اننگز میں 3 ہزار 717 رنزبھی بنائے جس میں 6 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے 109 ایک روزہ میچز میں قیادت بھی کی جس میں سے پاکستان نے 66 میچز میں فتح حاصل کی۔

وسیم اکرم 2 بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں۔ 2009 میں اپنی پہلی بیوی ڈاکٹرہما کے انتقال کے بعد اگست 2013 میں دوسری شادی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی شنیرا تھامسن سے کی ۔ وسیم اکرم مئی 2003 کو کرکٹ کی دنیا میں 19 سال تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہوئے جب کہ ان دنوں وہ ملکی اورغیر ملکی اسپورٹس چینلزپرکمنٹیٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

Load Next Story