ادارے سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہےفصیح الدین

ملازمین کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے، چیئرمین میٹرک بورڈ

ملازمین کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے، چیئرمین میٹرک بورڈ۔ فائل فوٹو

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اورایپکا بورڈ یونٹ کے تحت چیئرمین بورڈ فصیح الدین خان کے اعزاز میں اور ریٹائرڈ ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بورڈ کے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے اپنے خطاب میں کہاکہ تمام ملازمین ایمانداری اور وقت کی پابندی کو اپناتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔


انھوں نے مزید کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے، اپنے خطاب میں چیئرمین بورڈ نے مزیدکہا کہ وہ ملازمین کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے تاہم ملازمین بھی محنت اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری بورڈ حور مظہر نے کہا کہ جب سے انھوں نے عہدے کا چارج سنبھالا ہے ان کی کوشش رہی ہے کہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے،

ایپکا کی جانب سے جو سفارشات ملی ہیں چیئرمین بورڈ کی مشاورت سے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، ایپکا کراچی ڈویژن کے صدر توقیر حسین شاہ نے کہا کہ بورڈ ترقی کی جانب رواں دواں ہے اور ترقی کے سفر میں ایپکا بورڈ انتظامیہ کے ساتھ ہے، ایپکا یونٹ کے صدر امین عبدالعلی نے چیئرمین بورڈ کی آمد کا خیرمقدم کیا۔
Load Next Story