امریکی صدارتی انتخابات ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ہلیری کلنٹن کی نامزدگی یقینی

ہلیری کلنٹن کو مندوبین کے علاوہ 523 سپر ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہے

ہلیری کلنٹن صدارتی امیدوار منتخب ہوگئیں تو وہ امریکا کی اہم ترین سیاسی جماعت کی پہلی خاتون امیدوار بن جائیں گی۔ فوٹو : فائل

سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے درکار مندوبین کی مطلوبہ تعداد تک پہنچنے کے بعد رواں برس امریکی صدارتی انتخابات کے لیے پارٹی کی نامزدگی یقینی ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں رواں برس ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ہلیری کلنٹن اور برنی سینڈرز مدمقابل ہے، ہلیری کلنٹن اپنے حریف سے ووٹوں اور مندوبین کی حمایت کے حوالے سے بہت آگے ہیں، انہوں نے صدارتی انتخابات کے امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی کے لیے مطلوبہ مندوبین کی حمایت بھی حاصل کرلی ہے۔

ہلیری کلنٹن کو عام مندوبین کے علاوہ پارٹی کے اندرونی ذرائع جنھیں سپر ڈیلیگیٹس کہا جاتا ہے کی بھی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔


دوسری جانب برنی سینڈرز نے اپنی مہم کو اگلے ماہ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ برنی سینڈرز کے ترجمان مائیکل بریگز کا کہنا ہے کہ سپر ڈیلیگیٹس کے ووٹ سے قبل مقابلہ ختم ہوجانے کا تاثر دینا جلد بازی ہے۔ وہ ان سپر ڈیلیگیٹس جنھوں نے ہلیری کلنٹن کی حمایت کرنے کا وعدہ کیا ہے کی حمایت واپس لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ہلیری کلنٹن امریکی صدارتی انتخابات کے لیے امیدوار منتخب ہوگئیں تو امریکا کی اہم ترین سیاسی جماعت کی پہلی خاتون امیدوار بن جائیں گی۔

Load Next Story