ابوالحسن کی تاریخ ساز اننگزویسٹ انڈیز کے ہوش اڑگئے

بنگلہ دیشی بیٹسمین نے ایک صدی بعد 10 ویں نمبر پر کھیلتے ہوئے ڈیبیو پر سنچری بنادی۔

کھلنا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز سے میچ کے پہلے دن بنگلہ دیشی کرکٹر ابو الحسن اسٹروک کھیل رہے ہیں، انھوں نے ڈیبو میچ میں دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنا کر تاریخ رقم کردی۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ٹیسٹ کے ابتدائی روز بنگلہ دیش کے ابوالحسن کی تاریخ ساز اننگز نے ویسٹ انڈیز کے ہوش اڑا دیے۔

نوجوان کھلاڑی نے ایک صدی بعد 10 ویں نمبر پر کھیلتے ہوئے ڈیبیو پرسنچری کا کارنامہ انجام دے ڈالا، مہمان سائیڈ کو 42 رنز پر کیچ ڈراپ کرنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی، 193 پر 8 وکٹیں کھونے والے بنگال ٹائیگرز نے مزید کوئی وکٹ گنوائے 365 رنز بنا ڈالے، ابوالحسن نے محمود اللہ (72) کے ساتھ نویں وکٹ کیلیے 172 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی، ان کی کارکردگی نے فیڈل ایڈورڈز کی 5 وکٹوں کی پرفارمنس کو بھی دھندلا دیا۔


تفصیلات کے مطابق کھلنا ٹیسٹ کے ابتدائی روز ٹاس جیت کر فلیٹ وکٹ پر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والے بنگلہ دیش کی 98 رنز پر5 وکٹیں گرچکی تھیں، شارٹ بالز کے خلاف کمزوری کی وجہ سے جنید صدیقی کی جگہ ناظم الدین کو ٹاپ پر آزمایا گیا، مگر وہ بھی ایڈورڈز کی شارٹ بال پر صرف 4 رنز بناکر پاول کا کیچ بن گئے، کپتان ڈیرن سیمی نے شہریار نفیس (26) اور تمیم اقبال (32) کو آئوٹ کرکے میزبان سائیڈ کے قدم ڈگمگائے، لنچ کے بعد ایڈورڈز نے گذشتہ میچ میں سنچری جڑنے والے نعیم اسلام کو 16 رنز پر بولڈ کیا۔

انھوں نے اپنے اگلے اوور میں اسٹار آل رائونڈر شکیب الحسن کو 17 رنز پر وکٹ کیپر رامدین کا کیچ بنوا دیا، ناصر حسین نے کپتان مشفیق کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلیے 87 کی شراکت کی مگر 52 کے انفرادی اسکورپر پرمول کی شارٹ بال پر ایڈورڈز کا کیچ بن گئے،آخری سیشن میں 193 کے ٹوٹل پر مشفیق الرحیم (38) اور سوہاگ غازی (0) کو بھی چلتا کرکے ایڈورڈزنے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں، اس موقع پر محمود اللہ اور ابوالحسن دن کے اختتام تک اسکور کو 365 تک لے گئے۔

ابوالحسن نے 3 فلک بوس چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جب وہ 42 رنز پر تھے تو پرمول کی گیند پر کیرن پاول نے کیچ ڈراپ کیا، محمود اللہ کو بھی ڈیرن براوو نے 37 رنز پر چانس دیا، اس وقت بھی بدقسمت بولر پرمول ہی تھے، محمود72 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔
Load Next Story