مسلسل نظر انداز کیے جانے پر جنید خان نے انگلینڈ منتقل ہونے پر غور شروع کردیا

ڈیڈ وکٹوں پر جان لڑائی جب موزوں کنڈیشنز پر کھیلنے کا موقع آیا تو باہر کردیا گیا، جنید خان

جنید کا کہنا ہے کہ مجھے کسی قسم کے کوئی فٹنس مسائل لاحق نہیں، جنید خان۔ فوٹو: فائل

مسلسل نظر انداز کیے جانے پر جنید خان کا دل ٹوٹ گیا، فاسٹ بولر نے ہمیشہ کے لیے انگلینڈ منتقل ہونے پر غور شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جنید خان موجودہ فاسٹ بولرز کی کھیپ میں سب سے تجربہ کار ہیں تاہم انھیں نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورئہ انگلینڈ کیلیے یکسر نظر انداز کردیا ہے، ان کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ گذشتہ برس گھٹنے کی انجری لاحق ہونے کے بعد سے جنید کے ردھم میں مسئلہ ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ حفیظ اور یاسر شاہ کو انضمام مکمل طور پر ان فٹ ہونے کے باوجود بھی منتخب کرچکے ہیں۔


جنید نے انجری سے واپسی کے بعد پاکستان سپر لیگ اور قومی ون ڈے میں بھی پرفارمنس دی مگر ایک بار پھر ٹھکرائے جانے کے بعد ان کا دل ٹوٹ چکا، اب وہ پاکستان کو خیرباد کہہ کر ہمیشہ کیلیے انگلینڈ منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں جہاں پر ایک دن انھیں انگلش ٹیم کیلیے بھی کھیلنے کا موقع میسر آسکتا ہے۔ ان کے ایک فیملی ممبر نے ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنید سلیکٹرز کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے کافی مایوس اور مستقل طور پر انگلینڈ منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ان سے غیرمنصفانہ سلوک ہورہا ہے، لہذا بہتر ہو گیاکہ انگلینڈ چلے جائیں جہاں ٹیلنٹ کا احترام کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ جنید اس سے پہلے لنکا شائر اور مڈل سیکس کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں، جنید نے اب تک 22 ٹیسٹ میچز میں 31.73 کی اوسط سے 71 وکٹیں لیں، اگرچہ ان اعدادوشمار کو شاندار نہیں کہا جاسکتا مگر یہ بات بھی قابل غور ہے کہ لیفٹ آرمر نے زیادہ تر میچز یو اے ای اور سری لنکا کی ڈیڈ پچز پر کھیلے ہیں۔

خود جنید کہتے ہیں کہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں، تمام ایکسرسائز میں حصہ لیا، مجھے سمجھ نہیں آتاکہ نظر انداز کیوں کیا جارہا ہے، اس نہ صرف میری حوصلہ شکنی ہورہی بلکہ میرا دل بھی ٹوٹ چکا ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے اب تک کیریئر کے دوران غیرموزوں پچز پر پرفارم کیا،اب جب اپنی بولنگ کے لیے موزوں کنڈیشنز پر کھیلنے کا موقع آیا تو مجھے نظر انداز کردیا گیا۔ یاد رہے کہ جنید خان کی اہلیہ برطانوی شہری ہیں، ان کی وجہ سے انھیں بھی وہاں پر سیٹل ہونے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔
Load Next Story