شیریں مزاری نے خواجہ آصف کیخلاف کارروائی کیلئے اسپیکر کو خط لکھ دیا

خواجہ آصف نے معافی نہیں مانگی اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، خط کا متن

خواجہ آصف نے معافی نہیں مانگی اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، خط کا متن. فوٹو: فائل

تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کے لئے اسپیکر کو خط لکھ دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ٹریکٹر ٹرالی اور آنٹی جیسے الفاظ استعمال کرنے پر شیریں مزاری نے وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کے لئے اسپیکر سردار ایاز صادق کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے ان کی تضحیک کی اور ان کے الفاظ سے میرا استحقاق مجروح ہوا، اس لئے انہیں ایوان میں سب کے سامنے نام لے کر معافی مانگینی چاہیئے تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔


شیریں مزاری کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف کے خلاف موثر کارروائی کی جائے صرف اسمبلی کارروائی سے الفاظ حذف کردینا کافی نہیں۔

واضح رہے کہ 8 جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنی بات کے دوران مداخلت کرنے پر خواجہ آصف نے شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی اور آنٹی کہا تھا۔

Load Next Story