امریکی حمایت سے کامیابی سے بہتر ہے کہ انتخابات میں حصہ ہی نہ لوں عمران خان

حکومت ملک میں دہشتگردی روکنے میں ناکام ہوگئی۔ قتل وغارت کے باوجود حکومت کوئی اقدام نہیں کررہی۔

عوام انتہاپسند گروپ رکھنے والی جماعتوں کو ووٹ نہ دیں، عمران خان ۔ فوٹو:ایکسپریس

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی آشیرباد سے انتخابات میں کامیابی سے بہتر ہے کہ وہ انتخابات میں حصہ ہی نہ لیں ۔


کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت میں شامل کسی بھی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔ کیونکہ ملک کو موجودہ صورت حال سے دوچار کرنے میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ اس کی اتحادی جماعتیں بھی شامل ہیں۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پہلے اپنی جماعت میں جمہوریت لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد وہ ملک میں بھی حقیقی جمہوریت لائے گی۔ سیاسی جماعتیں لوگوں کے آنے جانے سے نہیں اپنے نظریے کے تحت ہارتی یا جیتتی ہے، اگر کسی کو پارٹی کا نظریہ پسند نہیں تو وہ جاسکتا ہے۔


تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کے کندھوں پر چڑھ کر اقتدار میں نہیں آنا چاہتے۔ امریکی حمایت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے سے بہتر ہے کہ وہ انتخابات میں حصہ ہی نہ لیں ۔


عمران خان نے کہا کہ سازش کے تحت ملک میں فسادات کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت ملک میں دہشتگردی روکنے میں ناکام ہوگئی۔ قتل وغارت کے باوجود حکومت کوئی اقدام نہیں کررہی۔ احتجاج کرنے والے اپوزیشن میں آئیں یا احتجاج نہ کریں اور عوام بھی انتہاپسند گروپ رکھنے والی جماعتوں کو ووٹ نہ دیں .


Recommended Stories

Load Next Story