ٹی او آرز پر اپوزیشن مشترکہ لائحہ عمل بنائے عمران خان

پاناما لیکس کے معاملے پر کمیشن نہ بنا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، چیرمین تحریک انصاف

پاناما لیکس کا معاملہ دبانے کی حکومتی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عمران خان۔ فوٹو:فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ کمیشن نہ بنا تو سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بنی گالا میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وائس چیرمین شاہ محمود قریشی، پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق، فیصل جاوید، سینیٹر نعمان وزیر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاناما لیکس پر بننے والی ٹی او آر کمیٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ مل کرآئندہ اجلاس کی تیاری پراتفاق رائے سے متعلق بات چیت کی گئی۔



اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو ٹی او آرز کمیٹی کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور کل ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے یا بائیکاٹ سے متعلق پارٹی چیرمین سے ہدایت مانگی جس پر عمران خان نے انہیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ شاہ محمود نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حزب اختلاف میں پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی جب کہ تحریک انصاف کوتنہا کرنے کی حکومتی خواہش سے بخوبی آگاہ ہیں، کل حزب اختلاف کے قائدین سے مشاورت کے بعدآئندہ کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔




شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت پاناما دستاویزات پر وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کا احتساب نہیں چاہتی اس لئے اب کمیٹی میں مزید رہنے کا کوئی فائدہ نہیں جب کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس پروسیع تراتفاقِ رائے سے لائحہ عمل کی تیاری چاہتی ہے، پانامہ لیکس کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے پر بھی مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔





اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کا معاملہ دبانے کی حکومتی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اگر اس معاملے پر کمیشن نہ بنا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رویہ مایوس کن ہے جو احتساب سے بھاگ رہی ہے جب کہ حکومت ایک بار پھر شریف خاندان کی کرپشن اور ٹیکس چوری سے عوام کی توجہ ہٹانے میں ناکام ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے ٹرمز آف ریفرنس طے کرنے کےلئے حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی کے 7 اجلاس ہوچکے ہیں لیکن دونوں جانب سے ڈیڈ لاک برقرار ہے جب کہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہوگا۔

Load Next Story