سرحدی کشیدگی پاکستان کاطورخم میں بلا اشتعال فائرنگ پرافغانستان سے شدید احتجاج

واقعہ کی تحقیقات کر کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کیا جائے گا، افغان ناظم الامور کی یقین دہانی

سرحد پرکشیدگی دہشت گردوں کے داخلے کوروکنے کے لیے پاکستان کی جانب سے اپنی حدود میں گیٹ نصب کرنے پرہوئی۔ فوٹو: آئی این پی

پاك افغان طور خم بارڈر پر گیٹ كی تنصیب پر افغان فورسز كی فائرنگ سے پاكستان ایف سی كا ایك اورخاصہ دار فورس كے 2 اہلكار زخمی ہوگئے جب کہ واقعہ پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پاك افغان طورخم بارڈر پر پاكستان ایف سی اہلكاروں كی جانب سے گیٹ كی تنصیب كا كام شروع کیا گیا تو افغان حكام كی جانب سے ایف سی اہلكاروں كے ساتھ شدید تلخ كلامی كی گئی اور بعد ازاں پاكستانی سرحدی علاقے طور خم پر افغان فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ شروع كردی جس پر پاكستان ایف سی كے اہلكاروں نے بھرپور جوابی فائرنگ كی۔



ذرائع كے مطابق دونوں طرف سے بھاری ہتھیاروں كا استعمال كیا گیا اور فائرنگ كے تبادلے میں پاكستان ایف سی كا ایك اور خاصہ دار فورس كے 2 اہلكار شدید زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں افغان فورسز كے 2 مورچوں پر آگ كے بلند شعلے بھی دكھائی دیئے۔



ذرائع كے مطابق پاك افغان فورسز میں فائرنگ كے تبادلے كے بعد طور خم كے سرحدی علاقے كو خالی كراتے ہوئے مقامی لوگوں، مزدوروں، دكانداروں اور ہوٹل ملازمین كو محفوظ مقامات پر منتقل كر دیا گیا۔




ذرائع کا کہنا ہےکہ طورخم بارڈرپرافغان فورسزکی جانب سے فائرنگ اورگولہ باری کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کئی افراد کے زخمی اوراملاک کو نقصان پہنچنے کے بعد کشیدگی برقرار ہے، مقامی انتطامیہ نے طورخم اور لنڈی کوتل میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے سرحد پار جانے والی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کو روک کرواپس بھجوادیا گیا ہے۔



دوسری جانب طورخم بارڈر پر گزشتہ رات افغان فورسز کی جانب سے کی جانے والے شیلنگ اور فائرنگ پر احتجاج کے لیے پاکستان میں افغان سفارت خانے کے ناظم الامور کو طلب کرلیا گیا۔ وزارت خارجہ کے حکام نے افغان ناظم الامورکو کہا کہ سرحدی آمدورفت کو مربوط بنانا سرحدی انتظام کو بہتر بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے کیونکہ سرحدی انتظام بہترہونے سے باہمی سکیورٹی مضبوط ہوگی۔ طورخم بارڈرپرگیٹ کی تعمیر کا مقصد بھی سرحد پرلوگوں اورگاڑیوں کی آمدورفت کو ریگولیٹ کرنا ہے لیکن گزشتہ رات افغان فورسزکی جانب سے فائرنگ پاکستان کو اپنی طرف گیٹ کی تعمیرمیں رکاوٹ ڈالنے کے لئے کی گئی۔ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں، جس پر افغان ناظم الامور نے یقین دہانی کرائی کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کیا جائے گا۔





ادھر ترجمان پاک فوج عاصم باجوہ نے افغان فائرنگ کا نشانہ بننے والے گیٹ کا نقشہ جاری کر دیا ہے جب کہ ان کا کہنا ہے کہ افغان فوج نے جس دروازے پر فائرنگ کی وہ37میٹر پاکستانی حدود کے اندر ہے جب کہ گیٹ لوگوں کے کاغذات چیک کرنے اور دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لئے ضروری ہے۔



 

Load Next Story