کلارک کے بیٹ سے رنز کا سیلاب پروٹیز کو بہالے گیا

آسٹریلوی کپتان نے مسلسل دوسری اور سیزن کی چوتھی ڈبل سنچری جڑدی،224 پر ناقابل شکست۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ: ڈبل سنچری کی تکمیل پر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک خوشی سے بے قابو، انھوں نے سیزن میں چوتھی بار یہ کارنامہ انجام دے کر ریکارڈ بنادیا۔ فوٹو: اے ایف پی

مائیکل کلارک کے بیٹ سے رنز کا سیلاب پروٹیز کو بہا لے گیا۔

آسٹریلوی کپتان نے مسلسل دوسری اور سیزن کی چوتھی ڈبل سنچری جڑتے ہوئے دن کا اختتام ناقابل شکست224 رنز پر کیا، ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ڈیوڈ وارنر اور مائیک ہسی نے بھی حریف بولرز کی درگت بناتے ہوئے تہرے ہندسوں میں رسائی حاصل کی، ٹیم نے 5 وکٹ پر 482 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جیک کیلس نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دو وکٹیں لیں مگر چوتھے ہی اوور میں انجری کے سبب میدان چھوڑنا پڑ گیا،اسٹین بھی کافی دیر تک میدان سے باہر رہے، بچے کھچے دیگر بولرز نے بیحد مایوس کیا خصوصاً پاکستانی نژاد اسپنر عمران طاہر21 اوورز میں 159 رنز کی پٹائی کے باوجود وکٹ کیلیے ترستے رہے۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کے آغاز سے قبل ہی جنوبی افریقہ پر نحوست کے سائے چھاگئے، پیسر ورنون فلینڈر کمر میں تکلیف کے سبب میچ سے دستبردار ہوئے جبکہ لنچ کے بعد کیلس ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے، ٹاپ رینک بولر ڈیل اسٹین بھی اسی مسئلے کی وجہ سے چائے کے وقفے کے بعد پویلین واپس چلے گئے تاہم کھیل کے اختتامی حصے میں واپس بھی آئے، دیگر بولرز کی کینگروز کی خوب خبر لی۔


ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم ابتدا میں 55 رنز پر 3 وکٹیں کھو کر مشکلات میں گھری دکھائی دی، ایڈ کوان (10) نے یارکر کو کچھ اس انداز سے کھیلا کہ گیند سیدھی کیلس کے ہاتھوں میں واپس گئی، روب کیونے (صفر)کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہو گیا اور وہ مورکل کی گیند پر اسمتھ کو کیچ تھما کر چلتے بنے، رکی پونٹنگ نے ابھی ایک چوکا ہی لگایا تھا کہ کیلس نے ان کی وکٹیں اکھاڑ پھینکیں، ایسے میں وارنر کو کپتان کلارک نے جوائن کیا، کیلس کو جب انجری کے سبب فیلڈ چھوڑنا پڑی تو دونوں بیٹسمین دیگر بولرز پر پل پڑے۔

اسٹین کو آرام دینے کیلیے جب اسمتھ نے گیند عمران کو تھمائی تو کلارک اوروارنر نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں 108 رنز بٹور لیے،وارنر نے اسپنر کی گیند پر اسٹریٹ چھکے کے بعد دلکش کور ڈرائیو سے گیند کو بائونڈری کی راہ دکھائی، اسی کے ساتھ ان کی تیسری سنچری مکمل ہو گئی جس کی بھرپور خوشی بھی منائی،26 سالہ اوپنر119 کے انفرادی اسکور پر مورن مورکل کا شکار بنے، سلپ میں اسمتھ نے کیچ تھاما،انھوں نے 16 چوکے اور 4 چھکے لگائے،چوتھی وکٹ کیلیے 155 رنز کی اس شراکت نے کینگروز کو مشکلات سے نکال دیا، برسبین ٹیسٹ میں ناقابل شکست259 کی اننگزکھیلنے والے کلارک کی پیاس نہ بجھی۔

انھوں نے آخری سیشن میں ہسی کی مدد سے خوب رنز بٹورے،31 سالہ کلارک نے اپنی پہلی سنچری عمران کو بیک ورڈ پوائنٹ پر کٹ شاٹ سے مکمل کی،قبل ازیں وہ 73 رنز پر کلینولڈ کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ کی زوردار اپیل سے بچ نکلے جب امپائر بلی بائوڈن نے انھیں ناٹ آئوٹ قرار دیا تھا، پروٹیز نے اس پر اپنا ریفرل بھی گنوایا، کلارک نے فلک پر ایک رن سے ڈبل سنچری مکمل کی اسی کے ساتھ تمام شائقین نے نشستوں سے اٹھ کر انھیں خراج تحسین ادا کیا، کرائوڈ کو ایک گیند بعد دوبارہ اٹھنا پڑا کیونکہ مڈ وکٹ پر چھکے کی مدد سے ہسی نے بھی 17 ویں سنچری کی تکمیل کر لی تھی، انھوں نے برسبین میں بھی یہی کارنامہ انجام دیا تھا۔

اسٹین نے دن کی آخری گیند پر ہسی کو بولڈ کیا، یوں کلارک کے ساتھ 272 رنز کی شراکت اختتام کو پہنچی، جس وقت پہلے دن کا کھیل ختم ہوا آسٹریلوی ٹیم نے 86.5 اوورز میں 5 وکٹ پر 482 رنز بنا لیے تھے، کلارک 224 پر ناقابل شکست رہے، انھوں نے39 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
Load Next Story