ورلڈ اسنوکر میں شرکت کیلیے قومی ٹیم کی آج روانگی

اپنے خرچ پر کھلاڑیوں کو بھیج رہے ہیں، پی ایس بی کی طرف دیکھنا چھوڑ دیا، عالمگیر شیخ

اپنے خرچ پر کھلاڑیوں کو بھیج رہے ہیں، پی ایس بی کی طرف دیکھنا چھوڑ دیا، عالمگیر شیخ فوٹو: فائل

دو رکنی قومی ٹیم آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلیے جمعے کو بلغاریہ روانہ ہوگی۔

ایونٹ 24 نومبر سے 2 دسمبر تک بلغاریہ کے شہر صوفیہ میں منعقد ہوگا، پاکستان کی نمائندگی محمد آصف اور اسجد اقبال کریں گے۔ دریں اثنا پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں بہتر نتائج دے سکتی ہے،اپنے خرچ پر کھلاڑیوں کو بھیج رہے ہیں، پاکستان اسپورٹس بورڈکی طرف دیکھنا چھوڑ دیا، انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔


عالمگیر شیخ نے کہا کہ عالمی ایونٹ کیلیے منتخب شدہ دونوں کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں اور عمدہ کاردگی کا مظاہرہ کریں گے، انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم کیلیے رقم کی منظوری کے سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی مالیاتی کمیٹی کااجلاس نہ ہو سکا،اگر ہم فنڈز کا انتظام نہ کرتے توعالمی چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت ممکن نہ ہوتی۔

اب ہم اس حوالے سے پی ایس بی سے رابطہ ہی نہیں کر رہے،فنڈز نہ ہونے کی بنا پر ہی کھلاڑیوں کے ساتھ کوچ کو نہیں بھیجا جا رہا ہے،انھوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کھلاڑیوں کی مالی مدد کی جائے تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ دریں اثنا ایسوسی ایشن کے سیکریٹری منورحسین شیخ نے کہا کہ ورلڈ ایونٹ کی تیاری کیلیے دونوں کیوئسٹ نے بھرپورمحنت کی اور ان سے خاصی امیدیں وابستہ ہیں، دبئی اوپن میں محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، اب امید ہے کہ قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب وطن واپس لوٹیں گے۔
Load Next Story