یوتھ فیسٹیول منفی قوتوں کو منہ توڑ جواب ہے فیصل سبزواری

علمی،ادبی اور ثقافتی سرگرمیاں ہماری روایت و ورثہ ہیں

صوبائی وزیر امور نوجوانان سندھ فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ان کی صلاحیتوں کو منظر عام پر لانا اولین ترجیح ہے. فوٹو: ایکسپریس/فائل

صوبائی وزیر امور نوجوانان سندھ فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ یوتھ فیسٹیول 2012 محض فیسٹیول نہیں بلکہ منفی ارادے رکھنے والی قوتوں کو نوجوانوں کا منہ توڑ جواب ہے کہ نوجوان تاریکی کے بجائے تہذیب و ثقافت اور علم و ادب کے امین بننا چاہتے ہیں اور اس کا بین ثبوت یوتھ فیسٹیول میں ہزاروں نوجوانوں کی بھر پور شرکت ہے۔


یہ بات انھوں نے یوتھ فیسٹیول میں مختلف مقابلے جیتنے والے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی،انھوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ اور تابناک مستقبل کے معمار ہیں ان کی صلاحیتوں کو منظر عام پر لانا محکمہ امور نوجوانان سندھ کی اولین ترجیح ہے،انھوں نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول کی کامیابی کا سہرا محکمہ امور نوجوانان سندھ کے ساتھ ساتھ ہزاروں نوجوانوں کے بھی سر ہے جنھوں نے فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی اور مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ علمی،ادبی اور ثقافتی سرگرمیاں ہماری روایت و ورثہ ہیں انھیں ہم کسی صورت نہیں چھوڑ سکتے، سیکریٹری یوتھ افیئرز سندھ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول وہ مستقل پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں سے نوجوان مکمل میرٹ کی بنیاد پر معلومات عامہ ' ادبی ذوق ' حس جمالیات کی مختلف کیٹیگریز میں اپنے خیالات اور صلاحیتوں کا لوہا منوا کر خود کو ثابت کرتے ہیں،ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سندھ خورشید علی شیخ نے کہا کہ فیسٹیول میں مسابقت کے ماحول کے ذریعے نوجوانوں میں اعتماد ' عزم ' خود مختاری ' حوصلہ ' ذہنی پختگی ' مشاہدہ ' دور اندیشی ' روشن خیالی ' اظہار رائے 'ادبی ذوق 'سنجیدگی جیسی صفات مختلف کیٹیگریزکے ذریعے پیدا کی جاتی ہیں۔
Load Next Story