کھلنا ٹیسٹ سموئلز پر قسمت بھرپور مہربان ڈبل سنچری داغ دی

گیند وکٹوں سے جا ٹکرائی بیلز نہ گریں، کیچز ڈراپ ہوئے، امپائر نے ایل بی ڈبلیو بھی نہ دیا۔

کھلنا: بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈین بیٹسمین مارلون سموئلز کا آف ڈرائیو، انھوں نے 260 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو : اے ایف پی

کھلنا ٹیسٹ میں ویسٹ انڈین بیٹسمین مارلون سموئلز نے کیریئر کی اولین ڈبل سنچری بنا دی، وہ 260 کی اننگز کھیل کرآئوٹ ہوئے۔

اس دوران قسمت بھی ان پر بھرپور مہربان دکھائی دی،سموئلز نے ایک اور سنچری میکر ڈیرن براوو کے ساتھ تیسری وکٹ کیلیے 326 رنز کی ریکارڈ شراکت بنائی، چندرپال نے بھی کمزور بنگلہ دیشی بولنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناقابل شکست 109رنز اسکور کیے، ٹیم نے 4 وکٹ پر 564 رنز بنا کر177 رنز کی سبقت حاصل کرلی۔


تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے تیسرے دن کا آغاز 2 وکٹ پر 241 رنز سے کیا، سموئلز (109)اور براوو (85) نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھا، سنچری میکر بیٹسمین کو 117 کے اسکور پر چانس ملا جب ابوالحسن کی گیند پر سلپ میں نعیم اسلام نے کیچ چھوڑ دیا، یہ سنگین غلطی ثابت ہوئی اور سموئلز نے اس کے بعد اولین ڈبل سنچری بنا کر ہی دم لیا،اس دوران 167 رنز پر بھی قسمت ان پر بھرپور مہربان نظر آئی،لیفٹ آرم اسپنر شکیب الحسن کی گیند وکٹوں سے جا لگی مگر بیلز نہ گریں۔

191 پر روبیل حسین کی ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل پر امپائر ٹس سے مس نہ ہوئے، پیسر اگلے اوور میں بھی سر پٹختے نظر آئے جب گیند سموئلز کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر مشفیق اور پہلی سلپ میں موجود شہریار نفیس کے درمیان سے بائونڈری لائن پار کر گئی،کیریبیئن اسٹار نے روبیل کی گیند پر سنگل سے ڈبل سنچری مکمل کی،قبل ازیں براوو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری داغنے میں کامیاب رہے، انھیں 127 رنز پر آف اسپنر سوہاگ غازی نے ایل بی ڈبلیو کیا،سموئلز اور براوو نے تیسری وکٹ کیلیے326 رنز جوڑے، یہ بنگلہ دیش کیخلاف کسی بھی وکٹ کیلیے ویسٹ انڈیز کی ریکارڈ شراکت ہے۔

اس سے قبل ڈھاکا کے گذشتہ ٹیسٹ میں چندرپال اور دنیش رامدین نے ناقابل شکست296 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تھی، سموئلز فائنل سیشن میں آئوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین ثابت ہوئے،انھوں نے31 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے260 رنز بنائے،روبیل کی گیند پر پوائنٹ میں موجود متبادل پلیئر الیاس سنی نے کیچ لیا، یوں چندرپال کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلیے177کی شراکت ٹوٹ گئی، چندرپال نے بھی شاندار فارم برقرار رکھی اور ناقابل شکست 109 رنز بنائے، انھوں نے گذشتہ ٹیسٹ میں کیریئر بیسٹ ناقابل شکست 203 رنز اسکور کیے تھے،مہمان ٹیم نے کھیل کے اختتام تک4 وکٹ پر564 رنز بنائے، رامدین 4پر ناٹ آئوٹ رہے۔

Recommended Stories

Load Next Story