پجارا انگلش بولرز کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئے ایک اور سنچری

ممبئی ٹیسٹ میں مہمان ٹیم119پرآدھی بھارتی سائیڈ کو پویلین بھیجنے سے فائدہ نہ اٹھا سکی، میزبان نے 6 وکٹ پر266 رنز بنالیے

ممبئی ٹیسٹ: سنچری مکمل کرنے پر بھارتی بیٹسمین پجارا شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

احمد آباد میں ڈبل سنچری بنانے والے چیتیشور پجارا انگلش بولرز کیلیے ڈرائونا خواب بن گئے۔ انھوں نے ممبئی ٹیسٹ میں بھی ناقابل شکست سنچری جڑ دی۔

مہمان ٹیم119 رنز پر آدھی بھارتی سائیڈ کو پویلین بھیجنے سے فائدہ نہ اٹھا سکی، میزبان نے پہلے دن کا اختتام6 وکٹ پر266 رنز بنا کر کیا، پجارا 114اور ایشون 60 پر ناقابل شکست ہیں، دونوں ساتویں وکٹ کیلیے97 رنز جوڑ چکے، کم بیک کرنیوالے لیفٹ آرم اسپنر مونٹی پنیسر نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وینکھیڈے اسٹیڈیم کے کیوریٹرز نے کپتان دھونی کی ہدایت پر اسپن وکٹ بنا دی، اپنے بنائے ہوئے جال میں بھارتی ٹیم خود ہی پھنستی ہوئی دکھائی دی اور60 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں۔


ایسے میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ غلط دکھائی دینے لگا، اننگز کی دوسری ہی گیند پر جیمز اینڈرسن نے گوتم گمبھیر (4) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ کھیلنے والے سہواگ30رنز پر پنیسر کی گیند کو بیلز اڑانے سے نہ روک پائے،اسپنر نے ٹنڈولکر (8) کے ساتھ بھی یہی سلوک کیا،بچارا نے کوہلی کیساتھ اسکور میں58 رنز کا اضافہ کیا، کوہلی 19 رنز بنانے کے بعد پنیسر کا تیسرا شکار بنے، کامپٹن کیچ وصول کرنے پر خوشی سے سرشار دکھائی دیے، اگلے اوور میں گریم سوان کی ایک گیند چکمہ دیتی ہوئے یوراج سنگھ (صفر) کی وکٹوں سے جا ٹکرائی۔

بچارا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور دھونی کے ہمراہ50 رنز جوڑے، کپتان29 رنز بنانے کے بعد پنیسر کی گیند پر سوان کو کیچ تھما کر چلتے بنے، یوں اسکور169 پر 6 ہو گیا مگر پجارا نے ہمت نہ ہاری، روی چندرن ایشون کی صورت میں انھیں ایک پُراعتماد ساتھی بھی مل گیا، دونوں نے عمدہ بیٹنگ سے انگلش بولرز کی کامیابیوں کا خمار اتار دیا، جس وقت پہلے دن کا کھیل ختم ہوا ساتویں وکٹ کیلیے97 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہو چکی تھی، پجارا114اور ایشون 60 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، پجارا اننگز کے دوران خوش قسمت بھی ثابت ہوئے۔

17 کے اسکور پر وہ اینڈرسن کی گیند پر پوائنٹ میں کامپٹن کے ہاتھوںکیچ ہونے سے بال بال بچے جبکہ 60 رنز پر اینڈرسن مشکل کیچ نہ تھام سکے، بدقسمت بولر پنیسر رہے،94 کے اسکور پر انگلینڈ نے پجارا کیخلاف شارٹ لیگ پر کیچ کی اپیل زوردارکی، فیلڈ امپائرز نے ٹی وی آفیشل سے مدد مانگی جس کے مطابق کک کے ہاتھوں میں آنے سے قبل گیند زمین پر بھی لگی تھی، بھارتی ٹیم نے90 اوورز میں 6 وکٹ پر266 رنز اسکور کیے، لیفٹ آرم اسپنر پنیسر نے 4 وکٹوں کیلیے91 رنز دیے۔
Load Next Story