حصص مارکیٹ میں مندی307 پوائنٹس گرگئے

کاروباری دورانیے میں ایک موقع پراگرچہ204.48 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی۔

کاروباری دورانیے میں ایک موقع پراگرچہ204.48 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی:فوٹو: آئی این پی/فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو نئے مالی ہفتے کے آغاز پر بھی زبردست اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 38700، 38600 اور38500 پوائنٹس کی 3 حدیں بیک وقت گرگئیں، مندی کے باعث56.26 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے24 ارب73 کروڑ39 لاکھ85 ہزار 943 روپے ڈوب گئے۔


ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ایم ایس سی آئی میں شامل ہونے والی جن کمپنیوں کے حصص میں وسیع پیمانے پرسرمایہ کاری کی گئی تھی انہیں کمپنیوں کے حصص کی آف لوڈنگ کا حجم بڑھ گیا ہے اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں نے پرافٹ ٹیکنگ میں زیادہ دلچسپی رکھی جس سے مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی، کاروباری دورانیے میں ایک موقع پراگرچہ204.48 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن یوبی ایل، ایم سی بی بینک اور ایچ بی ایل کے حصص میں وسیع پیمانے پرفروخت کا رحجان غالب ہونے سے مذکورہ تیزی زیادہ دیربرقرار نہ رہ سکی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس307.12 پوائنٹس کی کمی سے38469.82 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 233.10 پوائنٹس کی کمی سے22137.72 اور کے ایم آئی30 انڈیکس41.00 پوائنٹس کی کمی سے67058.60 ہوگیا تاہم کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 23.26 پوائنٹس اضافے سے 17877.23 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 10.78 فیصد زائد رہا،14 کروڑ91 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروبار 327کمپنیوں تک محدود رہا جن میں123 کے بھاؤ میں اضافہ، 184 کے دام کم اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story