اسرائیلی مظالم کیخلاف یوم احتجاج مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد

مذہبی جماعتوں کا بھرپور احتجاج ، مساجد میں مذمتی قرار دادیں منظور ،فلسطینی ریاست کا قیام نا گزیر ہے،فلسطین فائونڈیشن.

ناگن چورنگی پراہلسنّت والجماعت کے تحت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا جارہاہے۔ فوٹو : ایکسپریس

PORT ELIZABETH:
جماعت اسلامی، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان، جمعیت علمائے اسلام اور اہلسنت و الجماعت سمیت مختلف جماعتوں نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا،جماعت اسلامی کے تحت مسجد بیت المکرم گلشن اقبال سے حسن اسکوائر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

اس موقع پر ریلی کے شرکا سے خطاب میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا کہ غزہ کے مظلوم نہتے عوام پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے،امریکا اور مغربی ممالک نے اسرائیلی درندگی کی حمایت کرکے ایک بار پھر اپنی منافقت اور دہرے معیار کا ثبوت دیاہے، ریلی کے شرکا سے جماعت اسلامی کراچی کے امیرمحمد حسین محنتی ' سیکریٹری نسیم صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا،ریلی میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا، اہلسنت و الجماعت کے تحت فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مرکز اہلسنت ناگن چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے اہلسنت و الجماعت کے رہنماؤں مولانا تاج محمد حنفی ،ڈاکٹر محمد فیاض و دیگر نے خطاب کیا۔


انھوں نے کہاکہ فلسطین پر اسرائیلی حملوں میں اب تک سیکڑوں افراد شہید کیے جاچکے ہیں ، شہری علاقوں پر روزانہ بمباری کرکے اسرائیلی درندے سینکڑوں کی تعداد میں بوڑھے ،بچے اور خواتین کو نشانہ بناچکے ہیں، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے ان کے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے روزانہ کئی گھرانوں کو بموں کے ذریعے اجاڑ دیا جاتا ہے،انھوں نے کہاکہ مسلم ممالک او آئی سی کانفرنس بلائیں اور فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اپنے واضح موقف کا اعلان کریں،جمعیت علمائے پاکستان کی جانب سے یوم مذمت اسرائیل کے موقع پر مختلف اجتماعات سے خطاب میں علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی ، مفتی رفیع الرحمن نورانی اور دیگر علما نے کہا کہ اسرائیل امریکا کی پشت پناہی میں مسلمانان عالم پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسلم حکمران عیش و مستی میں گم ہو کر خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، او آئی سی اپنا کردار بہتر طور پر ادا کرنے سے قاصر ہے، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی اپیل پرفلسطین میںاسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کو کراچی سمیت ملک بھر میں یوم مذمت اسرائیل منایاگیا.

نمازجمعہ کے اجتماعات میںعلمائے کرام نے اسرائیل کے انسانیت سوزمظالم پرقرارداد مذمت منظور کرائیں اور شدیدغم وغصے کا اظہارکیاگیا، جامع مسجد محمدیہ گلستان جوہرمیں مرکزی جمعیت علما پاکستان کے قائم مقام سیکریٹری جنرل اورسنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اے این آئی پاکستا ن کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے خطاب میں کہاکہ امت مسلمہ میں اتحاد واتفاق نہ ہونے کا فائدہ غیرملکی قوتیںاٹھا رہی ہیں اسرائیل امریکی سرپرستی میںغزہ کے مسلمانوں پرمظالم ڈھارہا ہے ،جمعیت علمائے اسلام کے تحت فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف یوم احتجاج منایاگیا مساجد میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور احتجاجی اجتماعات منعقد ہوئے جے یو آئی کے رہنمائوں قاری شیرافضل خان، حاجی محمد ادریس، مولانا عبدالکریم عابد اور دیگر نے احتجاجی اجتماعات سے خطاب میںکہا کہ فلسطینی مسلمان بھائیوں پر اسرائیلی بربریت مسلم حکمرانوں کیلیے لمحہ فکریہ ہے حکمران اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے انکی فوری مدد کریں.

فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین و فتح مبین منایا گیا، مساجد میں نماز جمعہ کے بعد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کا اظہارکیا گیا، علمائے کرام نے کہا کہ فلسطینی بچوں کو خون میں لت پت کرنے کا ذمے دار امریکا ہے،عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ قائم کیا جائے، آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام نا گزیر ہے اسرائیل ایک غاصب اور دہشت گرد اور انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔
Load Next Story