زیریں سندھ 9 محرم کو ذوالجناح تابوت اور تعزیے کے جلوس نکالے گئے

مجالس عزا کا انعقاد،پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات،عزادارسینہ کوبی اورزنجیر زنی کرتے رہے

حیدرآباد میں انجمن گلدستہ اکبر کے زیر اہتمام مرکزی ماتمی جلوس میں متحدہ قومی موومنٹ کے ذمے داران کی بھی شرکت۔

حیدرآباد سمیت اندرون سندھ نویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے، اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

حیدرآباد میں انجمن گلدستہ اکبر کے زیر اہتمام مرکزی ماتمی جلوس سید محسن رضا جعفری کی رہائشگاہ لطیف آباد نمبر 5 سے برآمد ہوا، اس سے قبل مختصر مجلس عزا سے علامہ توصیف حسن زیدی نے خطاب کیا، جلوس میں حق پرست صوبائی وزیر زبیر احمد خان و دیگر نے بھی شرکت کی۔ مرکزی جلوس میں ذوالجناح، علم پاک، جھولا ، تابوت، تعزیہ اور دیگر جلوس بھی شامل تھے، شرکاء تمام راستے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔ جلوس مختلف شاہراہوں سے گزرتا ہوا مسجد نبوی دس نمبر پہنچا، جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی، جس کے بعد جلوس واپس اپنے آغاز کے مقام پر اختتام پذیر ہوا، جہاں لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مرکزی جلوس کی گزرگاہ کی مکمل تلاشی لی، جب کہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ ایم کیو ایم کے خدمت خلق فائونڈیشن کے رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی حفاظتی انتظامات پر مامور تھی۔ ضلع ٹھٹھہ کے شہر دھابیجی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس حسینی امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جو مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا واپس اپنے مقام پر اختتام پذیر ہوا، اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی، جب کہ حفاظتی اقدامات کے تحت قومی شاہراہ کو سیل کر دیا گیا تھا۔ ٹنڈو الہیار میں بھی 9 محرم الحرام کے جلوس مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہوئے۔


تاہم انتظامیہ کے دعوئوں کے برعکس سیکیورٹی کے کوئی غیر معمولی انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے۔ بدین میں امام بارگاہ کاشانہ زینبیہ، امام بارگاہ سجادیہ، امام بارگاہ قصر شاہ نجف اور دیگر امام بارگاہوں سے 9 محرم کے جلوس برآمد ہوئے اور مجالس عزا منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ ایس ایس پی ضلع بدین فدا حسین مستوئی کے مطابق 9محرم الحرام سے ہی حفاظتی انتظاماتکے تحت ضلع کو چار زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے اور عاشورہ کے موقع پر بارہ سو پولیس اہلکار اور رینجرز کے دو سو اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

جب کہ ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کر کے ہر آنے جانے والی گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ ضلع مٹیاری میں سید شجاع الدین شاہ کی قیادت میں، ہالا میں مخدوم غلام محی الدین کی قیادت میں جب کہ بھٹ شاہ میں سید فقیر علی شاہ کی قیادت میں نویں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے، جب کہ عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر رینجرز اور پولیس کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں ماتیلی، ٹنڈو آدم اور دیگر شہروں میں بھی سخت حفاظتی انتظامات میں نویں محرم کو جلوس نکالے گئے، عزاداروں نے سینہ کوبی کی۔

میرپور خاص میں 9 محرم کا ماتمی جلوس ضیاء الحسن نقوی اور سجاد رند کی قیادت میں امام بارگاہ ابو طالب بھانسنگھ آباد سے برآمد ہو ا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ درگاہ مکھن شاہ پر اختتام پذیرہوا۔ اس موقع پر عزاداران حسین نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی۔ جلوس کی نگرانی ایس ایس پی میرپورخاص فاروق احمد جمالی کر رہے تھے جبکہ جلوس کی گزرگاہوں پر رینجرز اور پولیس کے دستے تعینات تھے۔
Load Next Story