برطانوی پاؤنڈ کی قدر مزید 2 روپے گر کر 146 ہوگئی

یورو70 پیسے کمی سے116.3کاہوگیا،امریکی ڈالر10اورآسٹریلین ڈالر99پیسے سستا

یورو70 پیسے کمی سے116.3کاہوگیا،امریکی ڈالر10اورآسٹریلین ڈالر99پیسے سستا:فوٹو: اے ایف پی/فائل

یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ برطانوی کرنسی کو مہنگا پڑتا جا رہا ہے، برطانوی پاؤنڈکی تنزلی سے دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کی قدر کو بھی متاثر کر رہی ہے۔


اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیر کو برطانوی پاؤنڈ کی قدر2 روپے کی مزید نمایاں کمی کے ساتھ 146 روپے کی سطح پر آگئی، اسی طرح یوروکرنسی کی قدر بھی مزید 70 پیسے کی کمی سے116.30 روپے کی سطح پر آگئی، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی پیرکو10 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور ڈالر کی قدرگھٹ کر 105.10 روپے کی سطح پر آگئی، اسی طرح آسٹریلین ڈالر کی قدر میں مزید99 پیسے کی کمی ہوئی جس سے آسٹریلین ڈالر کی قدر گھٹ کر77.79 روپے ہوگئی۔

کرنسی مارکیٹ کے باخبرذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی عوام کی ریفرنڈم کے ذریعے یورپین یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ کی سمت مستقل غیرواضح ہوتی جارہی ہے تاہم یہ رحجان بہتر ہورہا ہے کہ غیرملکی کرنسیوں میں سرمایہ کاری کا عمل رک گیا ہے کیونکہ لوگ کرنسیوں کی قدرسے متعلق غیریقینی کیفیت سے دوچار ہو گئے ہیں اور انہوں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے، دلچسپ امر یہ ہے کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں جاپانی ین کی قدر کوبتدریج تقویت ملتی جارہی ہے اورسرمایہ کارجاپانی ین کی قدرمیں اضافے کے رحجان کابغورجائزہ لے رہے ہیں۔
Load Next Story