جو غلط راستے پر چلے گا اسے کان سے پکڑ کر باہر نکال دوں گا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ

لاہورہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

لاہورہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ فوٹو : فائل

جسٹس سید منصور علی شاہ نے لاہور ہائی کورٹ کے 45ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا جب کہ ان کا کہنا ہے کہ وہ عدالتی نظام سے رشوت کے خاتمے کی کوششیں کریں گے اور جو غلط کام کرے گا اسے کان سے پکڑ کر باہر نکال دیں گی۔

گورنر ہاؤس لاہور میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان اور سینئر وکلا شریک ہوئے۔

حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منصورعلی شاہ کا کہنا تھا کہ جو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں انہیں بہترین اندازمیں نبھانے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، وہ عدالتی نظام سے رشوت کے خاتمے کے لیے کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو بچہ اچھا کام کرے گا اسے تحفے بھی ملیں گے لیکن جوغلط راستے پر چلے گا اسے کان سے پکڑ کر باہر نکال دوں گا کیوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں انصاف کا نظام تمام صوبوں سے بہتر ہو اور ہم یہ کام کرسکتے ہیں۔


دوسری جانب چیف جسٹس لاہور ہائیكورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ كی منظوری سے 21 سول جج اور 6 ایڈیشنل سیشن جج صاحبان كو او ایس ڈی بنانے كا نوٹیفكیشن جاری كردیا گیا۔ نوٹیفكیشن كے مطابق او ایس ڈی بننے والوں میں سول جج درجہ اول نصرت علی صدیقی، ملك شیخ اللہ بخش، حافظ محمد اقبال كلیار، ہدایت اللہ شاہ، مزمل سپرا، محمد طارق، سیداحمد اعوان، جواد عالم قریشی، ندیم خضر رانجھا، ندیم عباس ساقی، محمد یوسف ہنجرا، نثار احمد، محمد منصور عطا، ذوالفقار احمد، غلام مصطفیٰ، فیض احمد رانجھا، محمد نواز ش خان چوہدری، محمد افضل بھٹی، شہزاد اسلم، نور محمد اور سول جج عبدالكریم شامل ہیں۔

او ایس ڈی بننے والے ایڈیشنل سیشن جج صاحبان میں چوہدری جمیل احمد، سید محمد ظفر عباس سبزواری، محمد علی رانا، محمد بخش مسعود ہاشمی، محمد رفعت سلطان شیخ اور سید احسن محبوب بخاری شامل ہیں۔

ادھر لاہورسپریم کورٹ رجسٹری میں سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجازالحسن نے سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس انور ظہیر جمالی نے جسٹس اعجازالاحسن سے عہدے کا حلف لیا۔

Load Next Story