کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 ایف سی اہلکار شہید ایک راہ گیرزخمی

شہید ایف سی اہلکاروں کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی ایف سی نے شرکت کی۔

ڈبل روڈ پر لانگو پلازہ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی ۔ فوٹو: بنارس خان/ ایکسپریس

ڈبل روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نیتجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید جب کہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔



پولیس كے مطابق بدھ كی شام كو كوئٹہ كے علاقے ڈبل روڈ پر رئیسانی سینٹر كے باہر ایف سی اہلكار سوئی سے گاڑی مرمت كرانے كیلئے آئے تھے كہ نامعلوم موٹرسائیكل سواروں نے اچانك ان پر فائرنگ كردی جس سے چاروں اہلكار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔



پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکاروں کی شناخت نائیك اول دراز خان، سپاہی شریف، نائیك عتیق اورلانس نائیك تنویر شامل ہیں جب کہ فائرنگ سے ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔ واقعہ كی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی كی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی اور علاقے كا محاصرہ كرلیا جب کہ شہید اہلكاروں كی نعشوں اور زخمیوں كو سول اسپتال منتقل كیا گیا۔



وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی نے ایف سی اہلکاروں پر حملے کی مذمت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جب کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں پر زمین تنگ کردیں گے۔




وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقصد کے لئے خوف وہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔



چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں قتل وغارت پرحکومت کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔







دوسری جانب شہید ایف سی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی ایف سی نے شرکت کی جب کہ اہلکاروں کی تدفین ان کے آبائی گاؤں میں فوجی اعزاز کے ساتھ ہوگی۔

Load Next Story