یوروکپ فٹبال کے پہلے کوارٹرفائنل میں پرتگال نے پولینڈ کو شکست دے دی

مقررہ وقت میں میچ 1-1 گول سے برابر ہونے کے بعد پینلٹی ککس پر پرتگال نے پولینڈ کو 3-5 سے شکست دی۔

مقررہ وقت میں میچ 1-1 گول سے برابر ہونے کے بعد پینلٹی ککس پر پرتگال نے پولینڈ کو 3-5 سے شکست دی۔ فوٹو: اے ایف پی

یورو کپ فٹ بال2016 کے پہلے کوارٹر فائنل میں پرتگال نے پولینڈ کو پینلٹی ککس پر شکست دے دی۔

فرانس کے شہر مارسے کے اسٹیڈ ویلوڈروم کے میدان میں یوروکپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں پرتگال اور پولینڈ کا آمنا سامنا ہوا۔ اعصاب شکن مقابلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا اور بات پینلٹی ککس تک جا پہنچی اور دونوں طرف سے پہلی تین ککس پر گول ہوئِے اور میچ برابر رہا لیکن پولینڈ کی طرف سے چوتھی کک پرتگال کے گول کیپر روی پیٹرسیو نے روک لی اور پرتگال نے اپنی پانچویں کک پر بھی گول کر کے میچ اپنے نام کیا۔

شائقین کے خیال میں یہ میچ رئیل میڈرڈ کلب کے مشہور فارورڈ کرسٹینو رونالڈو اور پولینڈ اور بائن میونخ کے سٹرائیکر رابرٹ لوانڈوسکی کے درمیان ایک مقابلہ تھا۔ میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے بہت تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور محض ایک منٹ 40 سیکنڈ کے بعد پولینڈ کی جانب سے رابرٹ لوانڈوسکی نے میچ کا پہلا گول کر دیا۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف ان کا پہلا گول تھا بلکہ یہ گول یورو کپ کی تاریخ کا کسی بھی میچ میں دوسرا سب سے کم وقت میں ہونے والا گول تھا۔


پرتگال کے دفاعی کھلاڑی سِڈرک سواریز نے اپنے سر سے گزرتے ہوئے بال کو نہیں روکا جسے کامل گراوسکی نے کراس لگا کر اپنے کپتان کی جانب بڑھا دیا جنھوں نے زور دار کِک لگا کر اسے پرتگال کے گول میں دے مارا۔ پرتگال کی طرف سے گول ان کے وِنگر ناتو سانچیز نے 33ویں منٹ میں کیا اور پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد جب دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں تو کھیل قدرے سست رہا۔

پرتگال کو 66ویں منٹ میں گول کرنے کا ایک موقع ملا۔ کرسٹانو رونالڈو نے گیند ایڈرن سلوا کو پاس کی لیکن وہ گول نہ کرسکے، پرتگال کی جانب سے ٹیم میں دوسری تبدیلی میچ کے80ویں منٹ میں کی گئی اور رکارڈو کورشما کو میدان میں اتارا گیا انھوں نے کوریشیا کے خلاف گول کیا تھا۔

اضافی وقت میں بھی میچ برابر رہنے کے بعد جب پنالٹیز کا مرحلہ آیا تو پہلی پنالٹی پرتگال کی جان سے رونلڈو نے ہی لگائی اور گول کر دیا۔ پہلی تین پنالٹیز پر دونوں ٹیموں کے سٹرائیکر کامیاب رہے لیکن پولینڈ کی جانب سے ان کے سٹرائیکر نے چوتھی پینلٹی ضائع کر دی اور یوں پرتگال یہ میچ جیت گیا۔

Load Next Story