محرم الحرام میںخطرناک صورتحال تھی جو ختم نہیں ہوئی گورنر سندھ

منگھو پیر کارروائی میں شامل پولیس ٹیم کیلیے 20لاکھ روپے انعام کا اعلان ، اجلاس سے خطاب

سوک سینٹر اور سینٹرل پولیس آفس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ فوٹو: فائل

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ علماکرام نے جس مذہبی رواداری کا مظاہر ہ کیا اور ہر طرح کی اشتعال انگیزی کا تدارک کیا وہ قابل تحسین ہے۔


انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بہت ہی خطرناک صورت حال تھی جو ابھی ختم نہیں ہوئی ہے ، 9 اور 10 محرم الحرام کے روز بہت ہی زیادہ خطرناک صورت حال کا سامنا تھا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں ، رینجرز ، پولیس اور اینٹیلی جنس اداروں نے اپنی تمام تر توانائی بروئے کار لاکر بر وقت کارروائیاں کی اور صورت حال کو سنبھا لا جس کے باعث پر امن ماحول برقرار رہا ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور الطاف حسین فکر مند اور مسلسل رابطے میں رہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محرم الحرام گزرنے کے ایک روز بعد گورنر سندھ نے اہم اجلاس بلاکر اہم اقدام کیا ہے ۔ دریں اثنا گورنر ہائوس میں علماء کرام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام ، انتظامیہ کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سب نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا ۔ دریں اثناعاشورہ محرم کے موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔

سوک سینٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے انھوں نے صورت حال کو مانیٹر بھی کیا ۔ انھوں نے سینٹرل پولیس آفس میں فعال کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا ۔ گورنر سندھ نے منگھو پیر کے علاقے سے بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد پکڑنے پر پولیس فورس کو خراج تحسین پیش کیا اور کارروائی میں شامل پولیس ٹیم کے لیے بیس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ۔
Load Next Story