پی سی بی نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کرنے کی حمایت کردی

آئی سی سی نے حالیہ اجلاس کے دوران ٹیسٹ ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کرنے کی تجویز دی تھی۔

آئی سی سی نے حالیہ اجلاس کے دوران ٹیسٹ ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کرنے کی تجویز دی تھی۔ فوٹو:فائل

ABU DHABI:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کرنے کی تجویز کی حمایت کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کرنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس سے تمام ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا جب کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کا پروگرام آئی سی سی کے ہاتھ میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اپنی عالمی رینکنگ کی بنیاد پرٹیسٹ کرکٹ کے اول گروپ میں ہوگی جب کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی جانب سے مخالفت کی وجہ یہ ہے کہ ان کی ٹیمیں اس وقت عالمی رینکنگ میں نیچے ہیں لیکن اس بات سے قطع نظر کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے اوپر والے درجے میں ہو یا نچلے درجے میں وہ اس 2 گروپ ٹیسٹ کرکٹ کی حمایت کرے گا۔


چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹیموں کی دو گروپوں میں تقسیم کے بارے میں لوگوں میں غلط فہمی یہ ہے کہ اس میں بڑی ٹیمیں کمزور ٹیموں سے نہیں کھیلیں گی حالانکہ ایسا نہیں ہے، اس میں ترقی اور تنزلی کا طریقہ کار موجود ہے لہذا ہر ٹیم کو ایک دوسرے سے کھیلنے کا بھرپور موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئی سی سی بنگلہ دیش اور سری لنکا کو دو گروپ میں ٹیموں کی تقسیم کے بارے میں قائل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سری لنکا ساتویں اور بنگلہ دیش نویں پوزیشن پر ہے جب کہ دونوں کرکٹ بورڈز سے آئی سی سی کے حالیہ اجلاس کے دوران ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کرنے کی تجویز کی مخالفت کی تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں تجویز سامنے آئی تھی کہ 2019 سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں کو 2 گروپ میں تقسیم کردیا جائے جس میں عالمی رینکنگ کی پہلی 7 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جب کہ 2 نئی ٹیسٹ ٹیموں کو موجودہ 3 ٹیموں کے ساتھ شامل کرکے ان کے میچ کرائے جائیں گے اور دونوں گروپ میں ٹیموں کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی اور تنزلی ہوا کرے گی۔
Load Next Story