اولمپکس 2020 میں اسکواش کی شمولیت پر غور جاری

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اعلیٰ حکام رواں ہفتے ہانگ کانگ میں جمع ہوں گے

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اعلیٰ حکام رواں ہفتے ہانگ کانگ میں جمع ہوں گے۔ فوٹو: فائل

اولمپکس2020 میں اسکواش کی شمولیت کا جائزہ لینے کے لیے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اعلیٰ حکام رواں ہفتے ہانگ کانگ میں جمع ہوں گے۔

ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ورلڈ نمبرون ویمنز پلیئر نکول ڈیوڈکا کہنا ہے کہ اولمپکس میں شامل ہونے کی ابتدائی دوکوششوں کی ناکامی کے بعد ہانگ کانگ جائزے کیلیے بہترین مقام ہے، وہاں پلیئرز نے ہمیشہ سے اچھا کھیل پیش کیا اور شائقین نے بھی ان کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی ہے، مجھے اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ہم آئی او سی حکام کو یہاں متاثر کرپائیں گے۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو2020 کے اولمپکس میں مزید ایک کھیل شامل کرنا ہے۔


8 برس بعد شیڈول گیمز کے میزبان کا فیصلہ بھی آئندہ برس ارجنٹائن میں شیڈول آئی او سی کے سالانہ جنرل اجلاس میں کیا جائے گا،اسکواش کو اس مرتبہ بھی کراٹے، چینی مارشل آرٹ ووشو، بیس بال، سوفٹ بال، رولر اسپورٹس ، ویک بورڈنگ اور اسپورٹ کلمبنگ کا سامنا ہے۔

حکام اسکواش کی اہمیت جانچنے کیلیے ہانگ کانگ کے ایونٹ کو دیکھیں گے، ورلڈ نمبرون پلیئر نکول ڈیوڈ اور ان کی ساتھی پلیئرز کھیل کو عالمی میلے میں شامل کرانے کیلیے پُراعتماد ہیں، 29 سالہ نکول نے کہاکہ آئی او سی کے معائنے کیلیے ہانگ کانگ بہترین مقام ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ ہم مہمانوں کو متاثر کریں گے اور اسکواش تیسری مرتبہ اولمپکس میں شامل ہونے میں ناکام نہیں رہے گا، ہم کھیل کو اولمپکس میں شامل کرانے کیلیے اب تک بہت کچھ کرچکے، اب اس کھیل کو شائقین میسر آنا شروع ہوگئے ہیں، ہم نے شاپنگ مالز اورآئوٹ ڈور کورٹس میں میچزکا انعقاد کیا۔

یاد رہے کہ27 نومبر سے شروع ہونے والا ہانگ کانگ ویمنز اسکواش ٹورنامنٹ 2 دسمبر تک جاری رہے گا، اس کی مجموعی انعامی رقم 70 ہزار امریکی ڈالر ہے۔
Load Next Story