لاہور کی اہم شاہراہ ایدھی کے نام سے منسوب کرینگے شہباز شریف

عبدالستار ایدھی نے خدمت خلق کی عظیم بنیاد ڈالی اور زندگی بھرانسانیت کی خدمت کرکے ایک نیا باب رقم کیا، وزیراعلیٰ پنجاب

ایدھی صاحب کی زندگی اور وفات دونوں میں ہی ہمارے لیے پیغام موجود ہے، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے لئے بے لوث خدمات کے عوض لاہور کی ایک مشیور شاہراہ ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔


عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ایدھی صاحب کے صاحبزادے فیصل ایدھی کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد پاکستان کی پہچان اوراثاثہ تھے، عبدالستار ایدھی نے خدمت خلق کی عظیم بنیاد ڈالی اور زندگی بھرانسانیت کی خدمت کرکے ایک نیا باب رقم کیا، ایدھی صاحب کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے میں آپ کی کامیابی کیلیے دعا گو ہوں جب کہ لاہورکی ایک اہم شاہراہ عبدالستارایدھی کے نام سے منسوب کی جائے گی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ عبدالستار ایدھی کی شخصیت اور ان کے فلاحی کاموں سے بہت کچھ سیکھا ہے، اس درویش منش شخصیات نے مجھے غریب آدمی کے ساتھ کھڑا ہونا اور اس کی مدد کرنا سکھایا، یہ بھی سکھایا کہ زندگی کس طرح سادگی کے ساتھ گزاری جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کی زندگی اور وفات دونوں میں ہی ہمارے لیے پیغام موجود ہے، ایدھی پاکستان کا روشن چہرہ تھے، وہ پریشانیوں کے اس دور میں پاکستان کی مثبت پہچان تھے۔ عبدالستار ایدھی کے انتقال پر پوری قوم سوگوار ہے، ان کے انتقال سے ملک انسانیت کے سب سے بڑے خدمت گار سے محروم ہو گیا۔
Load Next Story