مدارس کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈاامریکی ایجنڈا ہے منور حسن

مساجدومدارس اسلام کے قلعے ہیں،جامعہ احسن العلوم کے شہید طلبہ کے قاتل گرفتارکیے جائیں

مفتی زر ولی سے ملاقات،کراچی کے حالات پرتبادلہ خیال، طلبہ کی شہادت پر اظہارغم۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسید منورحسن نے کہا ہے کہ مساجد اورمدارس اسلام کے قلعے ہیں، مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا اور مدارس کے طلبہ کونشانہ بنانا امریکی ایجنڈا ہے۔


ان خیالات کا اظہارانھوں نے گلشن اقبال میں واقع جامعہ احسن العلوم جاکرجامعہ کے مہتمم مفتی زر ولی سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے دہشتگردوں کے ہاتھوں جامعہ کے طلبہ کی شہادت پراپنے گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پران کے ہمراہ محمد حسین محنتی ودیگر بھی موجود تھے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور 'اتحاد بین المسلمین، ملکی صورتحال بالخصوص کراچی کے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

منورحسن نے کہا کہ ملک دشمن عناصر مسلسل ایسے اقدامات کررہے ہیں کہ جس کے نتیجے میں مذہبی منافرت کوہوا ملے ۔ ہتھکنڈوں سے علما مرعوب نہیں ہوں گے اور اسلام کے غلبے اور دین کی دعوت کاکام جاری رہے گا۔ انھوں نے کہاکہ مدارس کے طلبہ کے بارے میں پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ یہ جنگجو ہیں مگرطلبہ نے صبر و تحمل کے ہتھیار سے تمام تر منفی پروپیگنڈے کی نفی کی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جامعہ احسن العلوم کے شہید کیے جانے والے طلبہ کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔
Load Next Story