عمران خان ایک بار پھر شادی کے بارے میں سوچنے لگے

اگر انسان کی شادی شدہ زندگی اچھی طرح گزررہی ہوتو یہ زندگی گزارنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے،سربراہ تحریک انصاف

اگر انسان کی شادی شدہ زندگی اچھی طرح گزررہی ہوتو یہ زندگی گزارنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے،سربراہ تحریک انصاف، فوٹو؛ فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہےکہ شادی کے بندھن پر ان کا یقین پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگیا ہے اس لیے وہ ایک بار پھر شادی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی عمر 63 سال ہے اوروہ صرف 10 برس تک ہی شادی شدہ زندگی گزارسکے ہیں لیکن اب ان کا یقین شادی پر پہلے سے بھی زیادہ پختہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان کی شادی شدہ زندگی اچھی طرح گزررہی ہوتو یہ زندگی گزارنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:عمران خان اور ریحام خان کے درمیان باضابطہ طلاق ہوگئی


تیسری شادی کے سوال پرعمران خان نے کہا کہ ہمت ہارنا ان کے خون میں شامل نہیں، شادی کا خیال اب پہلے سے زیادہ واضح ہے تاہم 60 سال کی عمر میں شادی کا معاملہ 30 سال کی عمر جیسا نہیں اوراس عمر میں شادی کے لیے کسی کی تلاش آسان نہیں۔

اپنی پہلی بیوی جمائما سے طلاق کے حوالے سے چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جمائما پاکستان میں نہیں رہ سکتی تھی اور میں پاکستان نہیں چھوڑسکتا تھا، شاید اس وقت مسئلہ بہتر انداز میں حل ہوجاتا لیکن ہمارا رشتہ بند گلی میں داخل ہوگیا تھا جب کہ ریحام خان سے دوسری شادی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دوسری بار کا تجربہ بہت مشکل رہا کیونکہ جب آپ کے بچے جوان ہوں تو شادی کرنا کافی مشکل ہوجاتا ہے، میں نے کوشش کی تھی لیکن یہ زیادہ نہ چل سکی، دوسری شادی میں بچوں کو بھی کچھ پریشانی تھی تاہم اس مرتبہ میں ان سے بات کروں گا اور امید ہے کہ وہ مان جائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:عمران سے شادی غلطی تھی، لوگ مجھے دبنگ کہتے ہیں، ریحام خان

واضح رہے کہ عمران خان نے جمائما گولڈ اسمتھ سے 1995 میں پہلی شادی کی تھی جس کے بعد جون 2004 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی جب کہ عمران خان کی دوسری شادی گزشتہ سال معروف اینکر پرسن ریحام خان سے ہوئی جو کہ بمشکل 8 ماہ چل پائی اوردونوں میں طلاق ہوگئی۔
Load Next Story