اوکاڑہ حساس اداروں کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک بھارتی ساختہ اسلحہ برآمد

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ڈی پی او آفس کے نقشے اور بڑی تعداد میں بھارتی ساختہ اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، بارودی مواد، راکٹ لانچر اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے، ڈی پی او اوکاڑہ۔ فوٹو: فائل

گاؤں 28 آر ٹو میں حساس اداروں کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حساس اداروں نے اوکاڑہ کے گاؤں 28 آر ٹو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر پولیس کے ساتھ مل کر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس نفری پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حساس ادارے کے دو اہلکار زخمی ہو گئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں بھارتی ساختہ اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا جس میں کلاشنکوف، بارودی مواد، راکٹ لانچر اور ڈیٹونیٹر شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔


یہ خبر بھی پڑھیں: لاہور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار

ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس سے 4 شناختی کارڈ اور ڈی پی او آفس کے نقشے بھی برآمد ہوئے جن کی شناخت عامرحبیب، سعید الرحمان، سمیع، یاسب الرحمان کے ناموں سے ہوئی ہے، دہشت گردوں کا تعلق شانگلہ، بنوں، ہنگو اور اٹک سے ہے۔ علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کے ساتھیوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

Load Next Story