کراچی میں پولیس کا عبدالستار ایدھی کے نواسے پر تشدد تھانے میں بند کردیا

آئی جی سندھ کا نوٹس، ڈی آئی جی ویسٹ واقعہ میں ملوث 3 اہلکاروں کو معطل کردیا۔

آئی جی سندھ کا نوٹس، ڈی آئی جی ویسٹ واقعہ میں ملوث 3 اہلکاروں کو معطل کردیا۔ اسکرین گریب/ ایکسپریس نیوز

KARACHI:
نارتھ ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں نے عبدالستار ایدھی کے نواسے احمد ایدھی کو بلاجواز گرفتار کرکے تھانے لے جاکر تشدد کیا جب کہ ڈی آئی جی ویسٹ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 3 اہلکاروں کو معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مرحوم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے نواسے احمد ایدھی نے بتایا کہ ناظم آباد کے علاقے میں وہ اپنی گاڑی میں سوار تھے کہ اس دوران پولیس موبائل ان کے سامنے آئی اور انہیں گاڑی کا دروازہ کھول کر گھسیٹتے ہوئے باہر نکالا، پولیس اہلکاروں نے تھپڑ مارے اور سرپر پستول رکھ دی جس پر پولیس افسر سے ہاتھ جوڑ کر بات سننے کو کہا لیکن ان کی کوئی بات نہیں سنی اور تھانے لے جایا گیا۔


احمد ایدھی کے مطابق اہلکاورں نے تھانے لے جاکر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کی شرٹ بھی پھٹ گئی، اس کے بعد انہیں ایس ایچ او کے پاس لے جایا گیا جہاں اپنا تعارف کرانے پر ایس ایچ او نے متعلقہ اہلکار کو نیا افسر بتاتے ہوئے معاملہ رفع دفع کرنے کا کہا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ویسٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث 3 اہلکاروں کو معطل کردیا جب کہ آئی جی سندھ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا شہریوں سے منفی برتاؤ کسی صورت برداشت نہیں اور فرائض میں غفلت برتنے پر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Load Next Story