ایشین فٹبال بن حمام کے مستقبل کا فیصلہ آج متوقع

کوالالمپور میں اے ایف سی ایوارڈ تقریب کے ساتھ ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا۔

کوالالمپور میں اے ایف سی ایوارڈ تقریب کے ساتھ ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا۔ فوٹو: فائل

ایشین فٹبال کنفیڈریشن ( اے ایف سی ) کے معطل سربراہ محمد بن حمام کے مستقبل کے لیے جمعرات کا دن اہمیت اختیار کرگیا۔


29 نومبر کو اے ایف سی کی سالانہ ایوارڈ تقریب کے ساتھ ایشین فٹبال گورننگ باڈی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بھی ہونا ہے، جس میں سابق چیف بن حمام پر طویل پابندی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، مئی 2011 میں فیفا صدارتی الیکشن میں سیپ بلاٹر کے مقابل آنے پر ووٹ کے عوض رشوت دینے کا الزام لگنے کے بعد سے بن حمام کا ستارہ گردش میں آیا ہوا ہے،قطر کے تجربہ فٹبال منتظم تمام الزامات سے انکاری اور ان کا کہنا ہے کہ میری معطلی سے اے ایف سی کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔

پریس کو ای میل کیے جانے والے پیغام میں انھوں نے کہا کہ اے ایف سی اپنے طور پر کچھ نہیں کررہی بلکہ اسے فیفا اور اولمپک کونسل آف ایشیاکے ذریعے چلایا جارہا ہے، بدقسمتی سے اس وقت کنفیڈریشن میں فیصلہ کرنے والے افراد کی حیثیت کٹھ پتلیوں سے زیادہ کچھ نہیں اور وہ آنکھ بند کرکے فیفا اور او سی اے کا حکم بجالاتے ہیں، بن حمام نجی طور پر بارہا کہہ چکے کہ وہ دوبارہ اے ایف سی کی صدارت پانے میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ ان کی ساری کاوشیں اپنے دامن پر لگے داغ کو دھونے کیلیے ہیں۔
Load Next Story