کولمبو ٹیسٹ کیوی پیسرز نے سری لنکن بیٹنگ کی بنیادیں ہلادیں

14 برس بعد آئی لینڈ میں فتح کا امکان روشن، میزبان ٹیم47 رنز پر 4 وکٹیں کھو بیٹھی۔

کولمبو ٹیسٹ : چوتھے دن وکٹ کے حصول پر کیوی پیسر ٹم سائوتھی ساتھی کھلاڑیوں سے مبارکباد وصول کررہے ہیں، دوسری جانب سری لنکن بیٹسمین تھارنگا پرانا ویتانا کی بوجھل قدموں سے پویلین واپسی۔ فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کا 14 برس بعد سری لنکا میں ٹیسٹ کامیابی کا امکان روشن ہوگیا،پیسرز نے دوسری اننگز میں بھی میزبان بیٹنگ لائن کی بنیادیں ہلادیں۔

فتح کیلیے 363 رنز کا ہدف پانے والی سری لنکن ٹیم چوتھے روز کے اختتام تک 47 رنز پر 4 وکٹیں کھو بیٹھی، اب بھی مزید 316 رنز درکار ہیں، اس سے قبل کیویز نے دوسری اننگز 194 رنز 9 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی، روس ٹیلر نے 74 رنز بنائے، رنگانا ہیراتھ نے تین وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے سری لنکا میں آخری مرتبہ ٹیسٹ1998 میں جیتا تھا تاہم اب ایک بار پھر اسے یہاں پر اپنی فتح کا امکان روشن دکھائی دے رہا ہے،کیویزکی پوزیشن بہتر بنانے میں ٹم سائوتھی، ٹرینٹ بولٹ ، ڈگ بریسویل اور روس ٹیلر نے اہم کردار ادا کیا۔ کولمبو کے پی سارا اوول میں چوتھے روز مجموعی طور پر17 وکٹیں گریں، آئی لینڈرز کو 363 رنز کا تعاقب شروع کرتے ہی مشکلات نے گھیر لیا، پرانا ویتانا کو پہلی ہی گیند پر سائوتھی نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔


14 رنز بناکر دلشان بھی سائوتھی کا شکار بن گئے کیچ وکٹ کیپر وان ویک نے تھاما، سنگاکارا (16) اور مہیلا جے وردنے (5) کی وکٹیں بریسویل کے حصے میں آئیں۔ اس سے قبل کیویز کو بھی دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، لنچ کے فوری بعد 75 رنز پر 5وکٹیں گرچکی تھیں،اس موقع پر پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے کپتان روس ٹیلر نے 95 گیندوں پر 74 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن قدرے بہتر کی، انھوں نے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ٹوڈ ایسٹل (35) کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلیے 97 کی شراکت کی، ٹیلر رن آئوٹ ہوئے جبکہ جیتن پٹیل کی وکٹ گرنے کے بعد نیوزی لینڈ نے اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔

قبل ازیں سری لنکا نے دن کا آغاز اپنی پہلی اننگز کے اسکور 225 رنز 6 وکٹ سے کیا تاہم باقی 4 وکٹیں19 رنز اضافے سے گرگئیں، تھلان سمارا ویرا اپنے گذشتہ دن کے اسکور 76 میں کوئی اضافہ نہیں کرپائے، سائوتھی نے 5 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story