اویس شاہ کی بازیابی اورامجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری بڑے چیلنج ہیں وزیراعلیٰ سندھ

امجد صابری کے اصل قاتلوں تک پہنچنے کیلئے کچھ اہم سراغ ملے ہیں،آئی جی سندھ کی وزیراعلیٰ کو بریفنگ

امجدصابری کے اصل قاتلوں تک پہنچنے کیلئے کچھ اہم سراغ ملے ہیں،آئی جی سندھ کی وزیراعلیٰ کو بریفنگ فوٹو: فائل

لاہور:
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ اویس شاہ كی بحفاظت بازیابی اور امجد صابری كے قاتلوں كی گرفتاری حكومت كے لیے بہت بڑے چیلنج ہیں لیکن ان دونوں کیسز کو حل کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سینئر صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر خوراك سید ناصر حسین،وزیر اعلیٰ سندھ كے مشیر برائے مذہبی امور ڈاكٹر قیوم سومرو، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اكبر اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سمیت دیگر حكام نے شركت كی۔


ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اكبر نے وزیراعلیٰ سندھ كو كراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن، اویس شاہ كی بازیابی اور امجد صابری كے قاتلوں كی گرفتاری سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے آگاہ كیا۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اجلاس كو بتایا كہ امجد صابری قتل كیس میں كچھ لوگوں كو گرفتار كیا گیا ہے جن سے اصل قاتلوں تك پہنچنے كے لیے كچھ اہم سراغ ملے ہیں۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اویس شاہ كی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام قانون نافذ كرنے والے ادارے مربوط كوششیں كر رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ كو ہدایت كی كہ وہ سید اویس شاہ كی بحفاظت بازیابی اور امجد صابری كے قاتلوں كی گرفتاری كے لیے تمام ضروری اقدامات كریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کیس ایک بڑا چیلنج ہیں لیکن پولیس اور رینجرز نے دیگر اداروں کو ساتھ مل کر انہیں حل کرنا ہے جب کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی كابینہ میں كسی قسم كی تبدیلی كی افواہوں كی تردید كرتے ہوئے كہا كہ سندھ كابینہ میں كوئی تبدیلیاں نہیں ہو رہی ہیں ۔
Load Next Story