عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو وہاں کی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کرے پاکستان

بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود کشمیری عوام آزادی کے لئے پرعزم ہیں، پاکستانی مندوب برائے اقوام متحدہ ملیحہ لودھی

کشمیر کے دیرینہ مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، ڈاکٹر ملیحہ لودھی : فوٹو : فائل

اقوام متحدہ میں تعینات پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں کردار ادا کرے۔


سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر اقوام متحدہ میں عالمی برادری کو بھارتی قابض فوج کے مظالم اور بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی سے آگاہ رکھا جارہا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی بین القوامی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھایا جارہا ہے۔ کشمیر کے مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے۔ عالمی برادری بھی کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ میں کئے جانے والے وعدوں کے مطابق اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود کشمیری عوام تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنے مقصد کے حصول کے لئے پرعزم ہیں جبکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت اور مظالم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کی ناکام اورغیر قانونی کوشش ہے۔
Load Next Story